گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا حیدرآباد کا دورہ

ہفتہ 19 جولائی 2025 20:37

گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا حیدرآباد  کا دورہ
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) گورنر سندھ کامران ٹیسوری ایک روزہ دورے پر حیدرآباد پہنچ گئے۔ گورنر سندھ نے لطیف آباد نمبر 12، فتح چوک، حالی روڈ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور شہریوں سے براہِ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ گورنر سندھ نے حیدرآباد کی مشہور کلاتھ مارکیٹ، سٹی کالج کے قریب الیکٹرانک مارکیٹ اور دیگر مقامات پر بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔ بعد ازاں ایک مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وہ وفاقی نمائندے کے طور پر حیدرآباد آئے ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے کر عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے شہریوں اور تاجروں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

گورنر ٹیسوری نے متاثرہ افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنے نقصانات کی تفصیلات ایم این ایز کے ذریعے وفاق تک پہنچائیں تاکہ مالی ازالے کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایم پی ایز اور ایم این ایز پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے جو نقصانات کا جائزہ لے کر ٹیکس معافی یا مالی معاوضے کی سفارش کرے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حیدرآباد کے لیے 10 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سے 5 ارب روپے موصول ہو چکے ہیں، اس پیکج پر عملدرآمد پی آئی ڈی سی ایل کے ذریعے کیا جائے گا اور وہ خود اس کی نگرانی کریں گے۔

گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ جلد ہی حیدرآباد میں آئی ٹی کیمپس قائم کیا جائے گا جس سے 50 ہزار سے زائد طلبہ مستفید ہوں گے جبکہ دو ماہ کے اندر آئی ٹی کورسز کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ایڈیشنل سیکرٹری کو تاجر برادری اور وفاق کے درمیان رابطے کے لیے مقرر کیا جا رہا ہے۔ گورنر ٹیسوری نے کرپشن کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی اور شفاف احتساب کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے حیدرآباد کے لیے خصوصی پیکیج اور دورے کی درخواست کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر تمام تاجر تنظیموں کو نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے حیدرآباد کی حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال پہلے اور آج کے حیدرآباد میں واضح فرق ہے، ہمارا مقصد صوبائی حکومت پر تنقید نہیں بلکہ عوام کے مسائل کا حل ہے، اگرچہ ہمارے اختیارات محدود ہیں لیکن ہم عوامی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ بعد ازاں انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حیدرآباد کو اسلام آباد اور لاہور کے طرز پر ترقی دی جائے گی اور جہاں بھی شہریوں یا تاجروں کو نقصان ہوا ہے وہاں مکمل سروے کے بعد ان کا ازالہ کیا جائے گا۔