ریڈیو پاکستان کی ممتاز آواز یاسمین طاہر طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں

ہفتہ 19 جولائی 2025 22:16

ریڈیو پاکستان کی ممتاز آواز یاسمین طاہر طویل علالت کے بعد انتقال کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2025ء) ریڈیو پاکستان کی ممتاز براڈکاسٹر، ادبی و ثقافتی شخصیات میں نمایاں مقام رکھنے والی محترمہ یاسمین طاہر طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ وہ معروف ادیب و ڈرامہ نگار امتیاز علی تاج کی صاحبزادی اور معروف اداکار نعیم طاہر کی اہلیہ تھیں۔یاسمین طاہر نے دہائیوں تک ریڈیو پاکستان سے وابستہ رہتے ہوئے پاکستانی ثقافت، ادب اور خواتین کے موضوعات پر بے مثال پروگرامز پیش کیے۔

(جاری ہے)

ان کی خوبصورت آواز، منفرد اندازِ گفتگو اور سنجیدہ طرزِ میزبانی نے انہیں پاکستان بھر میں مقبولیت دلائی۔ریڈیو پر ان کے مشہور پروگراموں میں ’’بزمِ طلبہ‘‘، ’’گھر آئے مہمان‘‘ اور کئی یادگار نشریات شامل ہیں جنہیں سامعین آج بھی یاد کرتے ہیں۔مرحومہ نے نہ صرف صحافتی میدان میں خدمات انجام دیں بلکہ ادبی محفلوں میں بھی ان کی موجودگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ ان کی وفات سے علمی و ادبی حلقوں میں گہرے رنج و الم کی لہر دوڑ گئی۔ اہلِ خانہ اور مداحوں نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یاسمین طاہر کی یادیں اور آواز ہمیشہ زندہ رہیں گی۔