وحدت المدارس الاسلامیہ نے مدارس کے طلبا و طالبات کی عصری و فنی ضروریات کو مدنظر رکھ کر فنی کورسز کا آغاز کردیا

ہفتہ 19 جولائی 2025 22:30

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)وحدت المدارس الاسلامیہ پاکستان نے مدارس کے طلبا و طالبات کی عصری و فنی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فنی کورسز کا آغاز کردیاتاکہ وہ نہ صرف دینی علوم میں مہارت حاصل کریں بلکہ دنیاوی میدان میں بھی باوقار انداز میں اپنی زندگی گزار سکیں۔وحدت المدارس الاسلامیہ کے تحت فنی و ٹیکنکل کورسز صوبہ خیبر پختونخوا کے تقریبا بارہ اضلاع میں جاری ہے جس سے تقریبا 300 تک طلبا کرام مستفید ہورہے ہیں۔

ان طلبا کرام کو نیوٹیک کی طرف سے مفت کورسز کے ساتھ ساتھ ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔ جبکہ طلبا کو کمپیوٹر بیسکس اور گرافکس ڈیزائن،الیکٹریشن / الیکٹرانکس موبائل رپیرنگ، ہینڈی کرافٹ / سلائی،ویب ڈویلپمنٹ اور سوشل میڈیا مینجمنٹ ،ڈرائیونگ،کوکنگ (برائے طالبات)کو فنی ٹریننگ دی جاتی ہے ،وحدت المدارس الاسلامیہ پاکستان کا یہ اقدام وقت کی ایک اہم ضرورت کا ادراک ہے۔

(جاری ہے)

یہ نہ صرف مدارس کے نظام کو مضبوط بنا رہا ہے بلکہ نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی نوید بھی ہے۔ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ دینی ادارے اپنے طلبا کو صرف عالم دین ہی نہیں بلکہ ایک باہنر فرد بھی بنائیں۔ یہ فنی کورسز مدارس کے طلبا کو دین و دنیا دونوں میدانوں میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں گے۔