کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے نئے نو تعینات ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کی ملاقات

ہفتہ 19 جولائی 2025 20:00

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری سے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے ملاقات کی۔ ہفتہ کو ملاقات میں ضلعی انتظامیہ کے امور، گورننس کے چیلنجز اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ڈپٹی کمشنر کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سرکاری امور، عوامی خدمت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کو اولین ترجیح دی جائے۔

اس موقع پر حکومت پنجاب کے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں بشمول تعلیم، صحت، صاف پانی کی فراہمی، صفائی، ستھرا پنجاب، اپنی چھت اپنا گھر سکیم، زراعت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی خدمت کو مشن سمجھ کر شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر تمام منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری کے نظام کو بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے فیلڈ وزٹس کو ترجیح دی جائے گی تاکہ زمینی حقائق کی روشنی میں فیصلے کیے جا سکیں۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ڈپٹی کمشنر کو ترقی، امن و امان اور فلاحی اقدامات کے حوالے سے حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔