حکومت سیلز ٹیکس ایکٹ کے حوالے سے تاجر برادری کے تحفظات دور کرنےکیلئے مشاورت کر رہی ہے،ہارون اختر خان

ہفتہ 19 جولائی 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہےکہ حکومت سیلز ٹیکس ایکٹ کے حوالے سے تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کیلئے ان سے مشاورت کر رہی ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز تمام بڑے چیمبرز اور تجارتی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کی طرف سے اٹھائے گئے ہر مطالبے پر غور کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ قانونی اور انتظامی پہلوؤں پر اچھی طرح سے تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی اتفاق رائے سے تجاویز تیار کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تجاویز وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پیش کی جائیں گی جبکہ وزیر خزانہ سے بھی اس معاملے پر بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نےسیلز ٹیکس ایکٹ کی منظوری سے پہلے ہدایت دی تھی کہ تاجر برادری کےتحفظات دور کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں زیادہ ترمسائل کو حل کر لیا گیا ہے اور باقی امور کو حل کرنے کے لئے ایف بی آر اور تاجر نمائندوں سے مشاورت جاری ہے۔