Live Updates

عمران خان کے بیٹے بھی پاکستان آکر تحریک چلانے کا شوق پورا کر لیں ‘ رانا تنویر حسین

جب بھی ترقی خوشحالی کا سفر شروع ہوتا ہے سازشیں شروع ہوجاتی ہیں ‘ وفاقی وزیر کی گفتگو سینئر صحافی شیخ شاہد سے ملاقات ،بیٹی کے قتل پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

اتوار 20 جولائی 2025 17:45

عمران خان کے بیٹے بھی پاکستان آکر تحریک چلانے کا شوق پورا کر لیں ‘ رانا ..
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے سینئر صحافی شیخ شاہد سے ملاقات کر کے ان کی بیٹی کے قتل پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان اقتصادی اور سیاسی طور پر مستحکم ہوچکا ہے ،دنیا اب پاکستان میں سرمایہ کاری لے کر آرہی ہے ، تاریخ گواہ ہے مسلم لیگ (ن)کے دور میں پاکستان میں جتنی ترقی خوشحالی آئی وہ کسی اوردور میں نہیں آئی ،مگر جب بھی ترقی خوشحالی کا سفر شروع ہوتا ہے سازشیں شروع ہوجاتی ہیں ،جیسے اب بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی باقیات اور دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی کے خلاف سرگرم ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عمران خان کی سیاست پاکستان سے دشمنی ہے ،مسلسل پاکستان مخالف قوتیں اس کے ساتھ کام کررہی ہیں جن کا ہدف عوام ادارے اور پاکستان رہا ہے ،عوام ان قوتوں کو پہچان چکے ہیں اور مسترد کرچکے ہیں،عمران خان نے جتنا نقصان پاکستان کو پہنچایا کسی دشمن نے بھی نہیں پہنچایا ،اب کہا جارہا ہے ان کے بیٹے تحریک چلانے پاکستان آرہے ہیں ، وہ بھی شوق پورا کرلیں ان کی تحریک کا حشر پہلے جیسی ناکام تحریکوں جیسا ہوگا ۔

انہوںنے کہا کہ عوام عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی لوٹ مار کے نتیجہ میں ہونے والی مہنگائی اوربے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں،عمران خان کے ایک وزیر کی وجہ سے قومی ائیر لائین کو جتنا نقصان پہنچا تاریخ میں اتنا نقصان نہیں ہوا ،اللہ کا شکر ہے پی آئی اے کیلئے اب انگلینڈ سمیت کئی ممالک کے دوبارہ دروازے کھل گئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف دینا چاہتی ہے مگر آئی ایم ایف کی کئی شرائط آڑے آرہی ہیں جو کہ مجبوری ہے ،پیٹرول کی قیمتیں عالمی سطح پر بڑھی ہیں اس وجہ سے یہاں قیمتیں بڑھانا پڑھیں ،عالمی طور پر تیل کی قیمتیں کم ہوں تو حکومت بھی تیل کی قیمتیں کم کردیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چینی کا کوئی بحران نہیں ،چینی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر ہی فروخت ہورہی ہے ،ٹیکس کے معاملہ پر حکومت تاجر صنعتکار طبقے کے ساتھ مخلص اور رابطے میں ہے ،جو جائز مطالبات ہیں حکومت پورا کرے گی ۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان ،خیبر پختونخواہ اور دیگر علاقوں میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے ،بھارت پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کے ذریعے اپنے مقاصد پورے نہیں کرسکتا،اسے اسی طرح شکست ہوگی جس طرح بنیان المرصوص میں ہوئی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات