اپوزیشن نے آئندہ سینیٹ انتخابات کیلئے مشترکہ حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے،گورنر فیصل کریم کنڈی

اتوار 20 جولائی 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ اپوزیشن نے آئندہ سینیٹ انتخابات کے لئے مشترکہ حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ عمل پرامن اور جمہوری انداز میں آگے بڑھے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن متحد ہے اور مل کر کام کر رہی ہے، اس بات پر اتفاق رائے ہے کہ ایک ہموار جمہوری تبدیلی کو یقینی بنانے کے لیے مثالی طور پر سینیٹ کے تمام امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ حکومت کل تک صوبائی اسمبلی میں ریزرو نشستوں کے ارکان کی حلف برداری کا عمل مکمل کر لے گی۔سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اختلافات پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے۔