Live Updates

عالمی نمائش میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے غیر ملکی خریداروں سے موثر رابطے جاری، گرانٹ جاری ہوتے ہی ہاسپیٹلٹی پیکج پیش کیا جائے گا، چیئرمین پی سی ایم ای اے

اتوار 20 جولائی 2025 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی سی ایم ای اے) کے چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ 7سے 9اکتوبر 2025لاہور میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 41ویں عالمی نمائش کی تیاریاں جاری ہیں ،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے مالی معاونت کی مد میں گرانٹ کااجراء ہوتے ہی عالمی نمائش میں شرکت کے خواہشمند غیر ملکی خریداروں کو ہاسپیٹلٹی پیکج کی پیشکش کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیبیشن کمیٹی ریاض احمد نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، غیر ملکی خریداروں سے رابطوں اور مجموعی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک ،چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان،سینئر مرکزی رہنما عثمان اشرف ،سعید خان ، میجر(ر)اختر نذیر اور دیگر ممبران شریک ہوئے ۔

اجلاس میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔ میاں عتیق الرحمان اور ریاض احمد نے کہا کہ قوی امید ہے کہ پاکستان میں عالمی نمائش کے انعقاد سے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی مشکلات دور ہوں گی ،ایسوسی ایشن عالمی ایونٹ کی کامیابی کیلئے اپنی بھرپور تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے ،غیر ملکی خریداروں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے موثر رابطے جاری ہیں ، نمائش کی کامیابی کیلئے ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے ، جیسے ہی گرانٹ کا اجراء ہوگا عالمی نمائش کے تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی طرف پیشرفت کی جائے گی جس میں خصوصی طور پر غیر ملکی خریداروں کو پاکستان آمد پرہاسپیٹلٹی پیکج کی پیشکش کرنا شامل ہے ۔

غیر ملکی خریدار وں کو پاکستان آمد پر بہترین سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی کیونکہ ان خریداروں کی وجہ سے ہی پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت ملک کے لئے قیمتی زر مبادلہ کا حصول ممکن بنا پاتی ہے ۔ اجلاس میں نمائش کی افتتاحی اور اختتامی تقریب ،غیر ملکی خریداروں اور ایسوسی ایشن کے ممبران کے لئے گورنر ہائوس لاہور میں عشائیے کے حوالے سے بھی تجاویز پرغور کیا گیا ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات