ایرانی سفیر کا پاکستان میں مون سون کی بارشوں سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار

اتوار 20 جولائی 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں مون سون کی شدید بارشوں سے ہونے والے المناک جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہر طرح کی مدد کے لیے تیار رہنے کا اعادہ کیا۔ ایکس پر اپنے پیغام میں ایرانی سفیر نے کہا کہ یہ جان کر انتہائی افسردہ ہوں کہ مون سون کی شدید بارشوں نے میرے پیارے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی جانیں لے لیں اور مختلف علاقوں میں بہت سے لوگ زخمی ہوئے، اللہ تعالیٰ مرحومین کی ارواح کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔

ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے پاکستان کی حکومت،عوام اور غمزدہ خاندانوں سے خصوصی تعزیت کا بھی اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیلاب میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران برادر ملک پاکستان کی حکومت اور عوام کی ہر قسم کی مدد کےلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہمارے دل اور جانیں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔سیلاب زدہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ایران کا اظہار یکجہتی دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان مضبوط انسانی ہمدردی اور قریبی دوطرفہ تعلقات کو نمایاں کرتا ہے۔