آزادکشمیر میں شرح خواندگی پاکستان میں سب سے زیادہ ہے، وزیراعظم چوہدری انوارالحق

اتوار 20 جولائی 2025 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہےکہ آزادکشمیر میں شرح خواندگی پاکستان میں سب سے زیادہ ہے، آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں آئی ٹی کی تعلیم کے لئے لیبارٹریز قائم کی گئی ہیں،محمد یوسف ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن آزادکشمیر میں دو سے تین ڈویژن میں ماڈل سکول قائم کرے۔

اتوار کو پی آئی ڈی کیمپ آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سے محمد یوسف فائونڈیشن کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں پاکستان کے معروف کرکٹر محمد یوسف،بریگیڈئیر (ر) عظمت خان،کرنل (ر) سعید احمد،کرنل (ر) محمد آصف ،حارث ضیاء اور فیض اللہ خان شامل تھے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی توفیق سے عبادت اور خدمت کے مواقع ملتے ہیں،کسی بھی منصوبہ بندی کے لئے بنیادی اعداد وشمار کی ضرورت ہے،ہم سکولوں کو بہتر بنا رہے ہیں،ہمارے پرائمری اساتذہ کی تعلیم بھی ایم اے، ایم فل ہے،گھوسٹ سکول ٹیچرز کا نظام ختم کر دیا ہے،سکولوں میں بائیو میٹرک کو نافذ کیا،مڈل اور ہائی سکولوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی توجہ دے رہے ہیں،تعلیم کے شعبے میں ترقی اور اساتذہ کے انفراسٹرکچر میں بہتری کے لئے اڑھائی ارب روپے رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آزادکشمیر میں شرح خواندگی پاکستان میں سب سے زیادہ ہے، آزادکشمیر کے سکولوں میں آئی ٹی کی تعلیم دے رہے ہیں، آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں ۔چوہدری انوارالحق نےکہا کہ آپ کی این جی او آزادکشمیر میں ٹریننگ کے شعبے میں کام کرے،حکومت معاونت فراہم کرے گی،ہر ڈویژن کی سطح پر ماڈل سکول قائم کرے۔ چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مربوط و مضبوط پروگرام کے ذریعے ہی ہم معاشرے میں تبدیلی لا سکتے ہیں،سینکڑوں سکولز ابھی بننے ہیں ا،س شعبے میں بھی کام کیا جا سکتا ہے۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ پروفیشنل اور ٹیکنیکل ایجوکیشن پر کام کرنے کی ضرورت ہے،آزادکشمیر بینک کو شیڈولڈ بینک بنانے کی پلاننگ کر رہے ہیں جس سے ایک ارب کی ترسیلات زر آئیں گی ۔چوہدری انوارالحق نےکہا کہ سیاست میرا شوق ہے، پچھلے 25 سال سے سیاست میں ہوں، نہ تنخواہ لی ہے نہ ٹی اے لیاہے۔وزیراعظم نے محمد یوسف فاؤنڈیشن کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔بریگیڈئر (ر) عظمت خان اور معروف کرکٹر پاکستان محمد یوسف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔معروف کرکٹر محمد یوسف نے آزادکشمیر میں کھیلوں کے شعبے میں بھی کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔