کراچی کے 25 ٹاونز کے ریٹائر ووفات یافتہ ملازمین کے تیار شدہ پینشن کیسز میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، سجن یونین

اورنگی،لیاری،ماری پور،جناح،چنیسر ،موڑرو میر بحر، صفورا اورصدر ٹاونزکے کیسزکو فوری طور پرویلفیئر ڈپارٹمنٹ میں پینشن کی منظوری کیلیے بھیجا جائے،ذوالفقارشاہ ریٹائر ملازمین اپنے ٹاونز کے فوکل پرسن پر دبائو ڈال کر کیسز کے ایم سی کو بھیجوائیں،بصورت دیگرانکے خلاف احتجاج کیا جائے گا،سید ذوالفقارشاہ کی ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سے ملاقات

اتوار 20 جولائی 2025 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء) کراچی کے 25 ٹاونز کے ریٹائر ووفات پاجانے والے ملازمین کی پینشن کیسز عدالتی حکم پر ریجنل ڈائریکٹر کے توسط سے کے ایم سی کو بھیجے گئے تھے۔جس پر اکثریتی کیسز مکمل کرکے متعلقہ ٹی ایم سیز میں میونسپل کمشنرزکی منظوری کے لیے بھیجا گیا تھا لیکن تاحال کئی ٹاونز جن میں اورنگی،ماڑی پور،موڑرو میر بحر،صدر ،لیاری،جناح،چنیسر شامل ہیں وہاں کے مکمل کردہ کیسز بھی کے ایم سی کوروانہ نہیں کیے گئے جس پر ریٹائر ملازمین کی اکثریت روزانہ کی بنیاد پر سجن یونین کے مرکزی صدر سیدذوالفقارشاہ سے ملاقات کرکے انہیں متعلقہ فوکل پرسنز کی سست روی اور کوتاہی کی شکایات کررہے ہیں۔

جس پرسجن یونین کے سربراہ سید ذوالفقارشاہ نے ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کراچی ڈویڑن رمضان پٹھان سے ملاقات کرکے انہیں ریٹائر ٹی ایم سیز ملازمین کے کیسز میں سست روی سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ تمام فوکل پرسنز کو ہدایت دی جائے کہ وہ کوتاہی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے فوری طور پر دو سال سے زائد عرصے سے پینشن سے محروم ریٹائر ملازمین کی پینشن کی ادائیگی کے لیے کیسز کے ایم سی ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو بھیجیں بصورت دیگر ریٹائر ملازمین ان ٹاونز میں احتجاج بھی کریں اور انکے خلاف شکایات متعلقہ فورم پر درج کرواکر ایک کاپی یونین کو بھی ارسال کریں تاکہ انکے خلاف کاروائی کی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید کہا کہ جن ملازمین کی اپ گریڈیشن اور ٹائم اسکیل کا مرحلہ انکی ریٹائرمنٹ ہونے کے باوجود بھی مکمل نہیں کیا گیا اس کو فوری طور پر مکمل کرکے پینشن کیس کے ایم سی کو بھیجا جائے تاکہ ان ملازمین کو پینشن فکسیشن میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اور انہیں انکے اصل گریڈ پر پینشن مل سکے۔ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رمضان پٹھان نے اس موقع پر کہا کہ 2 ہزار کے قریب ٹی ایم سیز ریٹائر ملازمین کے پینشن کیسز کے ایم سی کو بھیجے ہیں جہاں سے کیسز اسکروٹنی کے بعد ٹی ایم سیز کو منظوری کیلیے بھیج دیئے ہیں ٹی ایم سیز سے آنے والے کیسز کو کے ایم سی میں پینشن کا عمل مکمل کرکے پینشن کا اجرا اس ماہ سے شروع کردیا جائے گا۔

جس پر سید ذوالفقارشاہ نے ڈائریکٹر ویلفیئر کے ایم سی محمود بیگ سے بھی ملاقات کرکے ان سے پینشن کیسز کے سلسلے میں معلومات حاصل کی۔انہوں نے بتایا کہ لوکل فنڈ آڈٹ سے پینشن کیسز پاس ہوکر آتے ہی اس ماہ سے ان ریٹائر ملازمین کی پینشن شروع کردی جائے گی.سید ذوالفقارشاہ نے لوکل فنڈ آڈٹ کی سست روی پر ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ سندھ سے نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہوئے کیسز کو پاس کرنے میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس ماہ زیادہ سے زیادہ ٹی ایم سیز ریٹائر ملازمین کی پینشن شروع کی جاسکے۔