دریائے ستلج میں نچلے درجے کا سیلاب، پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ، نشیبی علاقے متاثر

اتوار 20 جولائی 2025 19:40

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) دریائے ستلج میں پانی کی مسلسل آمد اور اخراج میں اضافے کے باعث ضلع وہاڑی کے نشیبی علاقوں میں نچلے درجے کا سیلاب پیدا ہو گیا ہے، جبکہ مزید بارشوں اور انڈیا کی جانب سے مزید پانی چھوڑنے کی صورت میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ موضع گاہی شاہ کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں زیر آب آگئی ہیں جبکہ موضع سے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت نکل مکانی کر رہے ہیں فلڈ کنٹرول ذرائع کے مطابق پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم تاحال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلڈ وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

محکمہ آبپاشی اور فلڈ رپورٹنگ یونٹس کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ہیڈ گنڈہ سنگھ کے مقام پر پانی کی سطح 12 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ 3620 کیوسک پانی کا اخراج جاری ہے۔

(جاری ہے)

ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی آمد 21094 کیوسک جبکہ اخراج 14890 کیوسک ہو چکا ہے۔ہیڈ اسلام پر پانی کی آمد 18920 کیوسک اور اخراج 16970 کیوسک رپورٹ کیا گیا ہے۔ہیڈ سائفن پر پانی کی آمد 10182 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

دریائی پٹی کے دیہاتوں میں پانی کی سطح بڑھنے سےکاشتکاروں اور مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کئی مقامات پر فصلیں ڈوبنے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہےجبکہ بعض نشیبی بستیاں ممکنہ خطرے کے پیش نظر محتاط نقل مکانی کی تیاری کر رہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دریائی علاقوں میں مسلسل نگرانی جاری ہے، مقامی سطح پر ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں الرٹ کر دی گئی ہیں جبکہ اعلانات، مساجد اور موبائل وینز کے ذریعے بستیوں کو وقتاً فوقتاً صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو 1122، محکمہ مال اور محکمہ صحت کے افسران کو بھی ممکنہ ریسپانس کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اگر پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوا تو خطرے سے دوچار علاقوں میں فوری انخلا کا فیصلہ کیا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 48 گھنٹے دریائی نظام کے لیے اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔ بالائی علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز سے دریائے ستلج میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے، جس پر صوبائی اور وفاقی ادارے بھی الرٹ ہیں۔\378