Live Updates

- فیصل آباد،جماعت اسلامی کارکنوں کا چینی اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ، شوگر مافیا کے خلاف احتجاجی مارچ

اتوار 20 جولائی 2025 20:25

! فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2025ء)جماعت اسلامی کارکنوںنے چینی اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ اور شوگر مافیا کے خلاف چنیوٹ بازار سے چوک گھنٹہ گھرتک احتجاجی مارچ کیا جس کی قیادت صوبائی امیرجاویدقصوری،ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،سیکرٹری یاسراقبال کھار ،میاںانوارلحق ایڈووکیٹ ،میاںطاہرایوب،سردارظفرحسین،عظیم رندھاوا،شیخ افضال شاہین ودیگر نے کی۔

کارکنوںنے حکومت کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی۔ریلی کے اختتام پر چوک گھنٹہ گھر میں خطاب کرتے ہوئے جاویدقصوری نے کہاکہ ملک کی 89 شوگر ملز میں سے 90 فیصد ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جہانگیر ترین جیسے طاقتور افراد کے کنٹرول میں ہیں۔شوگر ملوں کی ڈیلرشپ چند غیررجسٹرڈ افراد کے ہاتھ میں ہے، جنہیں ہر حکومت میں تحفظ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

چینی کی قیمت 140 سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو تک پہنچا دی گئی ہے، جو عوام پر سنگین معاشی بوجھ ہے ،حکومت چینی مافیا کو لگام دے اور بجلی کی قیمتوں پر فوری کنٹرول کرے۔

انہوںنے کہا کہ شوگر مافیا حکومتی سرپرستی میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کو ریلیف دیا جائے۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن اور حکومت اپنے اپنے مفادات کیلئے اکھٹے ہو جاتے ہیں اور تنخواہوں میں 600 فیصداضافہ کرلیتے ہیں لیکن عوام کیلئے اکھٹے نہیں ہوتے۔ حکومت نے بجلی کی قیمت 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کم کر نے کا اعلان کیا لیکن حکومت نے قوم سے جھوٹ بولا اور یہ کمی نہیں کی۔

حکومت ہر پندرہ دن بعد پٹرول کی قیمت میں اضافہ کر رہی ہے، جبکہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور سلیب سسٹم کا نفاذ عوام سے دھوکہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سلیب سسٹم ختم کیا جائے اور بجلی بلوں پر غیرمنصفانہ ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ انڈسٹری کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں،سی بی آر کے اہلکاروں کو تاجروں کے خلاف ایف آئی آر کٹوانے کا اختیار کیوں دیا گیا، ایف بی آر 1300 ارب روپے کی کرپشن میں ملوث ہے اور تاجروں کے خلاف ایف آئی آر کا اختیار دینا ظالمانہ فیصلہ ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات