vسنیئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی کی زیر صدارت مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کے خلاف دائر رٹ پٹیشن کے درخواست گزاران کی نمائندگی کرنے والی قانونی ٹیم کے وکلا کا اجلاس

اتوار 20 جولائی 2025 21:50

: کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2025ء) سنیئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی کی زیر صدارت مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کے خلاف دائر رٹ پٹیشن کے درخواست گزاران کی نمائندگی کرنے والی قانونی ٹیم کے وکلا کا اجلاس اتوار کے روز سراوان ہاوس میں ہوا اجلاس میں سینئر قانون دان محمد ریاض احمد ایڈووکیٹ سردار طاہر حیدری ایڈووکیٹ اقبال کاکڑ ایڈووکیٹ میاں بدر منیر ایڈووکیٹ سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد شریک ہوئے ۔

اجلاس میں ایکٹ کو چیلنج کیے جانے سے متعلق آئینی پہلووں اور دستاویزی شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کے شرکا نے مستقبل میں موثر عدالتی پیشرفت کے لیے مرحلہ وار حکمت عملی ، آئندہ درخواستوں اور ممکنہ عبوری اقدامات پر اتفاق کیا ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا بلوچستان ہائیکورٹ میں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کے خلاف دائر آئینی درخواستوں کی سماعت بلوچستان ہائیکورٹ میں آج ہو گی ، سماعت بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل دو رکنی بینچ کرئے گا گزشتہ سماعت پر عدالت نے بلوچستان اسمبلی سے منظور ہونیوالے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے خلاف دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے ایکٹ کے خلاف دائر تمام آئینی درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت کی تھی ، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کے ترجمان کے مطابق نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی بلوچستان ہائیکورٹ میں آج ہونے والے سماعت کے موقع پر اپنے وکلا کے ہمراہ خود بھی پیش ہوں گے۔