بھارت کے کرپٹو پلیٹ فارم پر سائبر حملہ، چار کروڑ 40 لاکھ ڈالر نقصان

پیر 21 جولائی 2025 09:40

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) بھارت کی معروف کرپٹو ایکسچینج ’کوائن ڈی سی ایکس‘ کو ایک بڑے سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا جس میں اسے چار کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ارود نیوز کی رپورٹ کے مطابق کے مطابق یہ سائبر حملہ گزشتہ روز صبح کے وقت ہوا جس میں کمپنی کے ایک داخلی آپریشنل اکاؤنٹ کو نشانہ بنایا گیا تاہم کوائن ڈی سی ایکس نے صارفین کو یقین دلایا کہ ان کی ذاتی رقوم مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

کمپنی کے بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ جس اکاؤنٹ کو ہیک کیا گیا وہ صرف ایک پارٹنر ایکسچینج پر لیکویڈیٹی آپریشنز کے لیے استعمال ہوتا تھا اور اس میں کسی بھی صارف کی رقم محفوظ نہیں کی گئی تھی۔کوائن ڈی سی ایکس کے شریک بانی سمت گپتا نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ یہ اکاؤنٹ ایک نہایت پیچیدہ سرور حملے کا نشانہ بنا۔انہوں نے کہا کہ اس نقصان کو کمپنی کے خزانے سے مکمل طور پر پورا کیا جائے گا، کمپنی کی مالی حالت اتنی مضبوط ہے کہ اس نقصان کو برداشت کر سکے۔حملے کا پتا چلتے ہی احتیاط کے طور پر کمپنی نے اپنا ویب تھری تجارتی پلیٹ فارم عارضی طور پر بند کر دیا تھا تاہم اب اسے دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔