رشتے کیلئے جانے والا شہری ہنی ٹریپ کا شکار، لاکھوں روپے تاوان طلب، پولیس نے فوری کارروائی کرکے بازیاب کرالیا

پیر 21 جولائی 2025 13:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)شادی کے جھانسے میں آکر ہنی ٹریپ کا شکار ہونے والا کراچی کا شہری ڈاکوئوں کے ہتھے چڑھ گیا، پولیس نے فوری کارروائی کرکے بازیاب کرالیا۔ سوشل میڈیا پر ضرورت رشتہ کیلئے رابطہ کرنے والے ہوشیار رہیں، سوشل میڈیا کا سہارا لینے والا کراچی کا شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق ڈاکوئوں نے کراچی کے شہری شعیب کو ہنی ٹریپ کرکے گھوٹکی بلایا اور راستے میں کہا کہ اوباڑو پر اتر جائو جہاں سے اسے اغوا کرلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جیکسن کے رہائشی محمد شعیب نے سوشل میڈیا پر ضرورت رشتہ کیلئے اشتہار دیا کچھ دیر بعد ایک نامعلوم لڑکی کی کال آئی اور اس نے شادی کیلئے رضامندی ظاہر کی۔لڑکی کے بلانے پر جیکسن کا رہائشی گھوٹکی جا پہنچا جہاں کچے کے ڈاکوئوں نے اسے اغوا کرلیا، بعد ازاں اے وی سی سی، سی پی ایل سی اور گھوٹکی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے مغوی کو بازیاب کرالیا۔

(جاری ہے)

بازیاب ہونے والے شہری محمد شعیب نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر لڑکی نے مجھ سے کہا کہ میں آپ سے شادی کے لیے راضی ہوں۔لڑکی نے کہا کہ ہم غریب لوگ ہیں اور جہیز نہیں دے سکتے، اگر آپ مجھ سے شادی کریں گے تو آپ کی اور تمام گھر والوں کی خدمت کروں گی۔شعیب نے بتایا کہ میں نے شادی کے لیے حامی بھری اور اس کے بلانے پر گھوٹکی چلا گیا، راستے میں لڑکی فون آیا کہ اوباڑو پر اتر جائو جہاں اترتے ہی مجھے اغوا کرلیا گیا۔ بازیاب شہری کے مطابق ڈاکوئوں نے میری رہائی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق متاثرہ شہری کو بازیاب کرانے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔