بھکر ،ضلعی انتظامیہ نے سیلابی صورتحال کے تناظر میں پیشگی حفاظتی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے، ڈپٹی کمشنر

پیر 21 جولائی 2025 14:28

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزاد رفیق اعوان کے ہمراہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر سپر بند کے مختلف حصوں خصوصاً جے ہیڈ آر ڈی 70 کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر ایکسئین محکمہ انہار محمد کامران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت دریا میں چار لاکھ تیس ہزار(430,000)کیوسک کا درمیانے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔

اس موقع پر ایکسئین نے سپر بند کےسٹرکچر کی مضبوطی،مرمتی کام اورحفاظتی تقاضوں کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے سیلابی صورتحال کے تناظر میں پیشگی حفاظتی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ضلع کی تین تحصیلوں بھکر،کلورکوٹ اوردریا خان میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 15امدادی ریلیف کیمپس آپریشنل حالت میں رکھے ہوئے ہیں جہاں ضرورت پڑنے پر آبادیوں کی محفوظ منتقلی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ دریائے سندھ کے کنارے واقع بستیوں کے مکینوں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہےاور اگر مون سون بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں اضافہ ہو کر ساڑھے پانچ لاکھ (550,000) کیوسک کے ممکنہ سیلابی ریلے تک پہنچتی ہے تو نزدیکی آبادیوں کے فوری انخلاءعمل کا شروع کردیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلیف کیمپس میں خوراک، صاف پانی، طبی امداد،عارضی رہائش اور مویشیوں کی مناسبت دیکھ بھال کے لیے موثر انداز میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ محکمہ انہار، محکمہ صحت، ریسکیو 1122،زراعت، لائیو اسٹاک، پولیس اور ریونیو سمیت تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ موڈ میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آر ڈی 105 کے بعد جہاں سپر بند کا اختتام ہوتا ہےان حساس علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جا رہی ہےاورفیلڈسٹاف کو ہنگامی رسپانس کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں ضلعی کنٹرول روم کے ذریعے پانی کے بہاؤ اور بند کی صورتحال کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ جاری ہے۔

ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے اس موقع پر کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ اور نقصانات کو کم سے کم رکھنے کے لیے انٹر ڈپارٹمنٹل کوآرڈی نیشن کے عمل کو مضبوط بنایا گیا ہےاور دریائی علاقوں کےقریب پولیس چیک پوسٹوں پر موجود اہلکار ممکنہ ریسکیوو انخلائی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوام کو بروقت رہنمائی اور سیکیورٹی فراہم کرے گی۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے آر ڈی58 پر قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیااوردستیاب امدادی سامان،رجسٹریشن ڈیسک،ابتدائی طبی امداد،صاف پانی اور طے شدہ کوئیک رسپانس میکانزم کا جائزہ لیا۔\378

متعلقہ عنوان :