حکومتی دعوئوں کے باوجود معیشت کیلئے خطرات تاحال موجود ہیں‘ علی عمران آصف

پیر 21 جولائی 2025 15:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ حکومتی دعوئوں کے باوجود معیشت کے لئے خطرات تاحال موجود ہیں،گزشتہ مالی سال میں ایف بی آر کے محصولات مقررہ اہداف سے کم رہے جبکہ رواں مالی سال کے اہداف اس سے بھی زیادہ بلند رکھے گئے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معیشت میں حصہ ڈالنے والے تمام شعبے ایف بی آر کو دئیے گئے اضافی اختیارات اور دیگر نئی پالیسی اقدامات پرتشویش کا اظہار کر رہے ہیں جس وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے ۔

۔ رسمی شعبے کی کمپنیاںجو پہلے ہی بھاری ٹیکسز کا سامنا کررہی ہیںمزید دبا ئوکا شکار ہیں، یہ صورتِ حال ملک میں نئی سرمایہ کاری کے امکانات کو متاثر کررہی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال میں کئی کمپنیاں پاکستان سے اپنا کاروبار سمیٹ چکی ہیں جبکہ سرمایہ بھی نکالا جارہا ہے جو تشویش کا باعث ہے ۔ علی عمران آصف نے کہا کہ ملک کی موجودہ صنعتیں اپنی مکمل صلاحیت سے کم پر کام کررہی ہیں اور بھاری ٹیکسز کا بوجھ اس صورتِ حال کو مزید سنگین بنارہا ہے اس لیے بہتر شرائط پر بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کریڈٹ ریٹنگ اور اقتصادی آئوٹ لک میں بہتری ناگزیر ہے۔