سیمنٹ کی مقامی فروخت اور برآمدات میں اتار چڑھاؤ

پیر 21 جولائی 2025 15:51

سیمنٹ کی مقامی فروخت اور برآمدات میں اتار چڑھاؤ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) گزشتہ مالی سال میں اکتوبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی 15 فیصد قومی پیداوار برآمد کی گئی جبکہ مئی 2024 میں مجموعی پیداوار کا 51 فیصد حصہ مقامی طور پر استعمال کیا گیا ۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچرر ز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے )اور عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی کے آغاز پر جولائی 2024 کے دوران سیمنٹ ساز مقامی صنعت کی 35 فیصد پیداوار اندرون ملک استعمال کی گئی جبکہ 8 فیصد حصہ برآمد کیا گیا ۔

اگست 2024 کے دوران سیمنٹ کی مقامی کھپت 4 فیصد کے اضافہ سے 39 فیصد جبکہ برآمدات 9 فیصد تک بڑھ گئیں اسی طرح ستمبر 2024 میں سیمنٹ کی مجموعی ملکی پیداوار کا 41 فیصد حصہ مقامی مارکیٹ میں فروخت ہوا اور برآمدات کا تناسب 14 فیصد رہا تاہم اکتوبر 2024 میں سیمنٹ کی مقامی کھپت 47 فیصد جبکہ برآمدات 15 فیصد کی نمایاں سطح تک پہنچ گئیں ۔

(جاری ہے)

اعدادوشمار کےمطابق نومبراور دسمبر 2024 میں سیمنٹ کی مجموعی قومی پیداوار کا 48 فیصد حصہ اندرون ملک استعمال کیا گیا جبکہ 11 فیصد پیداوار برآمد کی گئی ۔

اسی طرح جنوری 2025 میں سیمنٹ کی مقامی کھپت کی شرح 48 فیصد رہی جبکہ برآمدات کا تناسب 8 فیصد تک کم ہوگیا ۔ مزید براں فروری اور مارچ 2025 میں سیمنٹ کی مجموعی ملکی پیداوار کا بالترتیب 44اور 41 فیصد حصہ اندرون ملک استعمال ہوا جبکہ برآمدات کا تناسب 7 اور 8 فیصد رہا ۔ رپورٹ کے مطابق اپریل 2025 کے دوران سیمنٹ کی مقامی کھپت میں کمی کے نتیجہ 35 فیصد مجموعی پیداوار اندرون ملک استعمال کی گئی جبکہ برآمدات 3 فیصد کے اضافہ سے 11 فیصد تک بڑھ گئیں ۔

مئی 2024 کے دوران سیمنٹ کی مقامی صنعت کی اندرون ملک فروخت اور برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوا 51 فیصد پیداوار مقامی مارکیٹ میں فروخت ہوئی جبکہ 14 فیصد پیداوار برآمد کی گئی تاہم گذشتہ مالی سال کے اختتام پر جون 2025 کے دوران سیمنٹ کی کل پیداوار کی مقامی کھپت 36 فیصد اور برآمدات 12 فیصد تک کم ہوگئیں ۔ واضح رہےکہ گذشتہ مالی سال کے آغاز پر جولائی 2024 تا جنوری 2025 کے دوران سیمنٹ کی مقامی کھپت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

جبکہ فروری تا اپریل 2025 میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں کمی اور مئی 2025 میں نمایاں اضافہ کے بعد جون 2025 کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت کم ہوگئی ۔دوسری جانب گذشتہ مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ جولائی تا اکتوبر کے دوران برآمدات میں اضافہ ہوا لیکن نومبر 2024 سے فروری 2025 کے دوران برآمدات میں کمی کا رجحان رہا تاہم مارچ تا مئی 2025 کے عرصہ میں برآمدات کی شرح میں دوبارہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جون 2025 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت اور برآمدات میں کمی ریکارڈکی گئی ۔