بورے والا ، دریائے ستلج میں گاہی شاہ کے قریب حفاظتی بند ٹوٹ گیا ، کئی بستیاں اورہزاروں ایکڑفصلیں زیرآب

پیر 21 جولائی 2025 16:51

بورے والا ، دریائے ستلج میں گاہی شاہ کے قریب حفاظتی بند ٹوٹ گیا ، کئی ..
بورے والا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کے باعث بورے والا کے نواحی علاقے موضع گاہی شاہ کے قریب حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے نتیجے میں سیلابی پانی نے سینکڑوں ایکڑ پر مشتمل زرعی رقبہ اور متعدد رہائشی بستیاں اپنی لپیٹ میں لے لیں۔سیلابی ریلے نے پنڈی جتیرا،بستی عمر خاں کھچی ،بستی شمیر خان اجیرا بستی کھوکھراں، بستی میاں والی، راجو شاہ اور بڈھن شاہ سمیت کئی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے، جہاں پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے۔

ان متاثرہ آبادیوں کا زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے، جس سے امدادی سرگرمیوں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق درجنوں خاندان سیلاب میں گھر چکے ہیں، تاہم مقامی مکینوں نے نقل مکانی سے انکار کر دیا ہےمقامی افراد نے حکام بالا سے فوری امداد اور حفاظتی اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء قائمقام ڈی سی وہاڑی بابر سلیمان نے اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کیپٹن(ر) ارشد اقبال۔ ریونیو سٹاف اور ریسکیو 1122 کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور دریا کی بیلٹ میں مقیم علاقہ مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں اسکے علاوہ سیلاب کے حوالہ سے الرٹ بھی جاری کردیا ہے۔\378

متعلقہ عنوان :