چین کو پاکستانی چاول کی برآمدات میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران نمایاں اضافہ

پیر 21 جولائی 2025 17:02

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) چین کو پاکستان کی چاول کی برآمدات میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو چین کی اقتصادی پالیسیوں کے تحت تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور سپلائی چین کو متنوع بنانے کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی) کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی جانب سے چین کوسیمی ہولی ملڈ چاول کی برآمدات جنوری تا جون 2025 کی مدت میں 2 کروڑ 95 لاکھ 30 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئیں جبکہ برآمدات کا حجم 6 کروڑ 69 لاکھ 60 ہزار 601 کلوگرام ریکارڈ کیا گیا، یہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ایک غیر معمولی اضافہ ہے جب پاکستان سے چین کو چاول کی برآمدات کی مالیت تقریباً 52 لاکھ 30 ہزار ڈالر تھی۔

(جاری ہے)

بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے قونصلر غلام قادر نے چائنا اکنامک نیٹ کو بتایا کہ 2025 کے پہلے چھ ماہ میں پاکستان کی چین کو پریمیم اور ٹوٹا چاول کی مجموعی برآمدات 3 کروڑ 59 لاکھ 30 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں ، 2024 کی اسی مدت میں یہ برآمدات 1 کروڑ 95 لاکھ 30 ہزار ڈالر تھیں جو کہ 1 کروڑ 64 لاکھ ڈالر یا 84 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

غلام قادر نے کہا کہ چاول کی برآمدات میں اضافہ چین کی درآمدی ذرائع کو متنوع بنانے اور خوراک کے تحفظ کی حکمت عملی کو مستحکم کرنے کی وسیع تر پالیسیوں کے مطابق ہے۔ پاکستان کی چاول برآمدات میں مسلسل اضافہ اس کے ایک اہم سپلائر کے طور پر بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے اقتصادی انضمام کی صلاحیت کو بھی اجاگر کرتا ہے،جیسے جیسے دو طرفہ تجارت ترقی کر رہی ہے، پاکستانی چاول کے کاشتکار مستقبل میں مارکیٹ میں مزید وسعت کے لیے پرامید ہیں جو تجارتی پالیسیوں میں بہتری، معیار کے تقاضوں اور سفارتی تعلقات میں پیش رفت سے ممکن ہوگی، یہ رجحان نہ صرف پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے مثبت اقتصادی نتائج لائے گا بلکہ اسے چین کے لیے ایک قابل اعتماد چاول برآمد کنندہ کے طور پر مزید مستحکم کرے گا۔