پنجاب سینیٹ الیکشن؛ مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبدالکریم کامیاب

ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار مہر عبدالستار کو 99 ووٹ ملے

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 جولائی 2025 16:58

پنجاب سینیٹ الیکشن؛ مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبدالکریم کامیاب
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن پر مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبدالکریم کامیاب ہوگئے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پنجاب اسمبلی میں ہونے والے ضمنی سینیٹ الیکشن میں مسلم لیگ ن کے حافظ عبدالکریم کو 243 ووٹ ملے جس کے نتیجے میں وہ سینیٹر منتخب ہوگئے جب کہ الیکشن کے دوران ہونے والی پولنگ میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ مہر عبدالستار کو 99 ووٹ ملے، الیکشن میں کامیابی کے لیے کسی بھی امیدوار کو 185 ووٹ درکار تھے۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کیلئے صبح 9 بجے پولنگ کا آغاز ہوا اور یہ سلسلہ شام 4 بجے تک جاری رہا، الیکشن میں 4 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل تھے، ضمنی انتخاب میں حکمران اتحاد کی جانب سے حافظ عبدالکریم اور اپوزیشن کے مہر عبدالستار کے درمیان مقابلہ تھا، ان کے علاوہ دو آزاد امیدوار خدیجہ صدیقی اور اعجاز حسین بھی انتخابی دوڑ میں شامل ہوئے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمشنر پنجاب نے بطور ریٹرننگ افسر فرائض سرانجام دیئے، سینیٹ الیکشن کے لیے پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ سٹیشن میں تبدیل کیا گیا، اراکین اسمبلی کو باقاعدہ ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا، ن لیگ کی جانب سے چیف وہپ رانا ارشد پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے جب کہ اپوزیشن کی طرف سے رانا شہباز نے پولنگ ایجنٹ کے فرائض سرانجام دیئے۔

بتایا جارہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں خفیہ رائے شماری کے تحت بیلٹ پیپرز کے ذریعے ووٹنگ ہوئی جو آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت منعقد کی گئی، پولنگ کے دوران اراکین کو بیلٹ پیپر حاصل کرنے کیلئے اسمبلی کارڈ یا قومی شناختی کارڈ دکھانا لازم تھا جب کہ پنجاب اسمبلی میں کل نشستوں کی تعداد 371 ہے تاہم دو نشستیں خالی ہیں جس کی وجہ سے الیکشن کیلئے کل ووٹوں کی تعداد 369 رہی تاہم پولنگ میں 345 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 3 مسترد قرار دیئے گئے۔