ایکس مل ،ریٹیل قیمت کے نوٹیفکیشن کے بعد شوگر ملوں نے چینی کی سپلائی روک دی

شوگر ملز کن ڈیلرز کو ایکس مل قیمت پر چینی کا اجراء کر رہی ہیں ان کی فہرست سامنے لائی جائے، کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن

پیر 21 جولائی 2025 18:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی2025ء) مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر طاہر ثقلین بٹ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے چینی کی ایکس مل اور ریٹیل قیمت کے نوٹیفکیشن کے بعد شوگر ملوں نے چینی کی سپلائی روک دی ہے ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس شوگر ملوں کو چیک کرنے کی بجائے چھوٹے دکانداروں کے گرد شکنجہ کس رہے ہیںجو نا انصافی ہے ، شوگر ملوں سے ایکس مل قیمت 165روپے پرچینی ملے گی تو دکاندا ر173روپے کلو فروخت کر سکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔طاہر ثقلین بٹ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شوگر ملز مالکان سے مذاکرات کے بعد چینی کی ایکس مل اور ریٹیل قیمت طے کرنے نوٹیفکیشن کیا گیا لیکن اس کے بعد سے شوگر ملوں نے مارکیٹ میں چینی کی سپلائی روک رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس شوگر ملوںمیںجانے کی بجائے چھوٹے دکانداروں کو ہزاروں روپے جرمانے اور گرفتاریاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان طاقتور لوگ ہیں اس لئے اہلکاروں کے وہاں جاتے ہوئے پرجلتے ہیں اور چھوٹے دکانداروں پرظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،چھوٹے تاجر کے لئے کاروبارکرنا مشکل بنا دیاگیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب ایکس مل قیمت پر چینی کی سپلائی نہیں ہو رہی تو چھوٹے دکاندار کس طرح نقصان کر کے 173روپے کلو میں فروخت کریں۔ وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر فوڈ سکیورٹی سے اپیل ہے کہ اس کا فی الفور نوٹس لیا جائے اور چینی کی طے شدہ قیمت پر مارکیٹ میں سپلائی کو یقینی بنایا جائے ،شوگر ملز کن ڈیلرز کو ایکس مل قیمت پر چینی کا اجراء کر رہی ہیں ان کی فہرست سامنے لائی جائے تاکہ حقیقت واضح ہو سکے ۔