گورنرفیصل کریم کنڈی سے تنظیم الاخوان خیبرپختونخوا کے وفد کی تنظیم کے جنرل سیکرٹری کی قیادت میں ملاقات

پیر 21 جولائی 2025 20:33

گورنرفیصل کریم کنڈی سے تنظیم الاخوان خیبرپختونخوا کے وفد کی تنظیم ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) تنظیم الاخوان خیبرپختونخوا کے وفد نے تنظیم کے جنرل سیکرٹری خان بشیر کی قیادت میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں صدر کفیل گل، خلیفہ مجاز مقصود حسین اور دیگر شامل تھے ۔ملاقات میں صوبے کی موجودہ سماجی و معاشی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران تنظیم الاخوان کے بانی مولانا اکرم اعوان کی دینی و روحانی خدمات اور ملک میں امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے مولانا اکرم اعوان کی علمی اور روحانی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے بزرگ علماء کی تعلیمات معاشرے میں اخوت، برداشت اور محبت کے فروغ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ گورنر نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام اور عوامی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول میں سماجی اور مذہبی تنظیموں کا کردار نہایت اہم ہے۔ وفد کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں فلاحی منصوبوں اور سماجی خدمات سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں، جنہیں گورنر نے سراہتے ہوئے تعاون کا یقین دلایا۔