بارشوں سے فصلوں کو بھاری نقصان، مرکزی کسان لیگ کا فوری اقدام کا مطالبہ

ٴکھیتوں میں پانی سے فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ، حکومت سے نکاسی آب یقینی بنانے کا مطالبہ

پیر 21 جولائی 2025 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی2025ء) مرکزی کسان لیگ کے چیئرمین چوہدری ذوالفقار علی اولکھ اور صدر اشفاق ورک نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ موسلادھار بارشوں سے زرعی شعبے کو پہنچنے والے بھاری نقصان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث کپاس، گنے اور چاول کی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے، جس سے نہ صرف کسانوں کی سال بھر کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے بلکہ ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کے کھیتوں میں اگر چوبیس گھنٹے سے زیادہ پانی کھڑا رہے تو مکمل فصل تباہ ہو سکتی ہے۔ اسی طرح گنے کی فصل بھی پانی کی زیادتی سے جڑوں سے گل سکتی ہے، جبکہ چاول کے کھیتوں میں پانی کی مناسب مقدار اور مخصوص سطح پر موجودگی ہی فصل کی صحت کے لیے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومتِ پنجاب اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ تمام متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر نکاسیِ آب کے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

زرعی افسران اور مقامی انتظامیہ کو متحرک کر کے کسانوں کو ہنگامی رہنمائی فراہم کی جائے۔ کپاس اور گنے کے کھیتوں سے پانی کی نکاسی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے تاکہ فصل کو مکمل تباہی سے بچایا جا سکے۔ ضلعی سطح پر ہیلپ لائنز اور زرعی موبائل یونٹس قائم کیے جائیں تاکہ متاثرہ کسانوں کی فوری رہنمائی اور مدد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث زرعی شعبہ پہلے ہی دباؤ میں ہے اور موجودہ صورتحال نے کسانوں کو مزید مشکل حالات میں دھکیل دیا ہے۔ فصلوں کے نقصان کا براہِ راست اثر کسانوں کی آمدن، قرضوں کی ادائیگی اور آئندہ فصلوں کی تیاری پر پڑے گا۔