Live Updates

میں سمجھتا ہوں کہ اگر مرزا آفریدی کو معافی مل گئی ہے تو فواد چودھری اور دیگر کو بھی واپس لانا چاہیئے

پارٹی میں دھڑے بندی ہے لیکن اس کا اثر 5اگست کی تحریک پر نہیں پڑے گا، ورکر عمران خان کی کال پر باہر نکلیں گے، وہ صرف عمران خان کو ہی اپنا لیڈر مانتے ہیں، رہنماء پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 جولائی 2025 22:15

میں سمجھتا ہوں کہ اگر مرزا آفریدی کو معافی مل گئی ہے تو فواد چودھری ..
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔21 جولائی 2025ء ) پی ٹی آئی کے رہنماء شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر مرزا آفریدی کو معافی مل گئی ہے تو فواد چودھری اور دیگر کو بھی واپس لانا چاہیئے،پارٹی میں دھڑے بندی ہے لیکن اس کا اثر 5اگست کی تحریک پر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشعال یوسفزئی ایک ورکر ہے وہ نئی ہے یا پرانی، ورکر تو ہے، مرزا آفریدی کو عمران خان نے سینیٹ کیلئے نامزد کیا، اگر عمران خان نے ٹکٹ نہیں دیا تو پھر دو تین دنوں میں واضح ہوجائے گا، میری ذاتی رائے ہے کہ اگر مرزا آفریدی کو معاف کردیا گیا تو فواد چودھری اور دیگر کو بھی واپس لانا چاہیئے۔

وہ لوگ جنہوں نے پارٹی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔

(جاری ہے)

جو بھی لوگ مجبوری کے تحت گئے ہیں ان کو واپسی ہونی چاہئے۔ پارٹی میں دھڑے بندی بن رہی ہے اس سے بالکل انکار نہیں کیا جاسکتا۔ سینیٹ الیکشن یا گروپ بندی کا اثر 5اگست کی تحریک پر نہیں پڑے گا۔کیونکہ ورکر عمران خان کی کال پر ہرصورت باہر نکلیں گے، کیونکہ ورکر صرف عمران خان کو ہی اپنا لیڈر مانتے ہیں، آئندہ دو تین دنوں میں پارٹی لیڈرشپ تحریک کا لائحہ عمل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ سب لوگوں نے پارٹی کو ووٹ دیا ہے، کوئی ناراض ہوکر ادھر ادھر نہیں جائے گا۔ یہ بھی کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے لوگ چلے جائیں گے، لیکن جب پیسا چلتا ہے تو ہم نے پیسے روکنے کیلئے یہ سب عمل کیا ہے۔ تاکہ صوبے کی بدنامی نہ ہو۔ مل بیٹھ کر فارمولا طے ہوا جس سے کم ازکم پیسا نہیں چلا، یہ بہت اچھا کام ہوا ہے۔دوسری جانب وزیرمملکت برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوتین لوگوں کو ٹکٹ دیا، باقی لوگوں کو جو ٹکٹ ملے وہ سیدھی سیدھی ٹکٹ ٹریڈنگ ہوئی ہے، ہم نے ہارس ٹریڈنگ کو ختم کرنے کیلئے فارمولے کے تحت سیٹوں کی ایڈجسٹمنٹ کرلی، پی ٹی آئی میں ٹکٹ ٹریڈنگ کا فائدہ اڈیالہ جیل کے باسی کو پہنچا ، یا صوبائی حکومت کے چند لوگوں کو فائدہ ہوا۔

حکومت نے ہارس ٹریڈنگ روک لی لیکن پی ٹی آئی کے اندر ٹکٹ ٹریڈنگ نہیں رک سکی۔ مراد سعید ابھی تک کسی کیس میں مجرم نہیں ہیں، میرا نہیں خیال کہ مراد سعید سینیٹ میں آکر حلف بھی لیں گے۔ پی ٹی آئی نے مراد سعید کو ٹکٹ دے کر سیٹ ضائع کی ہے، اگر وہ حلف لینے آئیں گے تو عبوری ضمانت کرانا ہوگی اور کیسز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات