بلائنڈکرکٹ سٹیڈیم کی تکمیل اور حوالگی کے حوالے سے ای لائبریری اینڈ یوتھ سنٹر نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں تقریب کا اہتمام

پیر 21 جولائی 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے ایشیا کے پہلے بلائنڈکرکٹ سٹیڈیم کی تکمیل اور حوالگی کے حوالے سے ای لائبریری اینڈ یوتھ سنٹر نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ایک یادگار تقریب کا اہتمام کیاگیا،جس میں صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے ڈویژنل سپورٹس آفیسرلاہور تنویر عباس شاہ اورچیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سلطان شاہ نے بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم رکھ جھیڈو کی حوالگی کی دستاویزات پر دستخط کئے اور فائلز کا تبادلہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری، بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی ونر ٹیم، وومن بلائنڈ کرکٹ ٹیم، تمام ریجنز کی بلائنڈٹیمیں ویگربھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرصوبائی وزیرکھیل پنجاب نے وزیراعلی پنجاب کی طرف سے بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے ڈیڑھ سالہ دور میں آج سب سے بڑی خوشی کا دن ہے، ہم بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو دعوت دیتے ہیں کہ پاکستان آئے نئے سٹیڈیم میں کھیلے اور پاکستان دوبارہ ٹرافی جیتے گا،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ایشیا کا پہلا بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم 14کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے ایسا سٹیڈیم بھارت میں بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پانچ سال کی محنت پچاس سال کے برابرہے آج سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے کندھوں پر ستارہ لگا ہے اس پر سپورٹس بورڈ پنجاب کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،وزیراعلی پنجاب کے ویژن پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے،صوبائی وزیرکھیل نے مزیدکہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب آئندہ دو ماہ میں پنجاب انٹرنیشنل سکواش کمپلیکس کا افتتاح کریں گی جبکہ بہت جلد پنجاب کے پہلے بیس بال گراونڈ کا بھی افتتاح کیا جائے گا،امید ہے کہ ڈیڑھ سال میں 88نے سپورٹس سکیمیں مکمل کرلی جائیں گی جبکہ پاکستان ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے باقاعدہ بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا، بلاشبہ پنجاب پاکستان کا واحد صوبہ ہے جو سپورٹس کی ترقی کیلئے دن رات کام کررہاہے، سمر سپورٹس کیمپس، سمر سپورٹس گیمز، پنک گیمز،کھیلتا پنجاب گیمز میں گلی محلے تک ٹیلنٹ ہنٹ کیا گیا ہے جبکہ کھلاڑیوں کی مالی مدد کیلئے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈکا قیام عمل میں لایا گیا ہے، صوبائی وزیرنے مزیدکہا ہے کہ بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم کا کریڈٹ کوئی اور صوبہ اور ملک نہ لے سکا، صوبہ پنجاب نے یہ کارنامہ سرانجام دیا، اس پر میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے دن رات محنت کی ہے، پورے پنجاب میں انفراسٹرکچر کا جال بجھایا جارہا ہے، بلائنڈ کرکٹ کونسل کو جہاں بھی ہماری ضرورت ہوگی سپورٹس بورڈ پنجاب ان کے ساتھ کھڑا نظر آئے گا۔

سیکرٹری سپورٹس مظفرخان سیال نے تقریب سے ویلکم ایڈریس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور، ملتان اور پنڈی میں پیڈل ٹینس کورٹ بننے جارہے ہیں تاہم بلائنڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں دیگر خصوصی بچے بھی کھیل سکیں گے۔اس کے علاوہ لاہور میں ہی پاکستان کا پہلا بیس بال گرائونڈ،والی بال کمپلیکس اور پیڈل ٹینس کورٹ تعمیر کرنے جارہے ہیں جبکہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی ہرممکن مدد کرتا رہے گا۔ تقریب میں سیاسی رہنما رانا فیصل حیات، چیئرمین بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ،ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر شاہ نے شرکت کی ہے۔