وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں کی ترویج کیلئے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں،بلال خان کاکڑ

پیر 21 جولائی 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سر فراز بگٹی کی قیادت میں صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں کی ترویج کیلئے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں موجود قدرتی وسائل، جغرافیائی اہمیت اور نوجوان افرادی قوت صوبے کو سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش بناتے ہیں۔

بلال خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (BBOIT) صوبے میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے فعال ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے، ہم نہ صرف سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں بلکہ پالیسی سطح پر بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں تاکہ ایک سازگار اور محفوظ سرمایہ کاری ماحول پیدا کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاری بورڈ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط استوار کر رہا ہے، سرمایہ کاری کانفرنسز اور بزنس فورمز کے ذریعے بلوچستان کے مواقع کو دنیا کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے،بلوچستان کا روشن مستقبل سرمایہ کاری سے وابستہ ہے اور حکومت اس شعبے کو ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے نجی شعبے، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں سے اپیل کی کہ وہ بلوچستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور صوبے کی سماجی و معاشی ترقی میں کردار ادا کریں۔