چیئرمین سینیٹ سے گورنرخیبر پختونخوا کی ملاقات، صوبہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

منگل 22 جولائی 2025 19:16

چیئرمین سینیٹ سے گورنرخیبر پختونخوا کی  ملاقات، صوبہ کی سیاسی صورتحال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی ،خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں اپوزیشن اتحاد کے ممبران کی کامیابی کے حوالہ سے بہترین حکمت عملی اور جمہوری انداز سے اس مرحلہ کی تکمیل میں کردار ادا کرنے پر گورنر فیصل کریم کنڈی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا سے نومنتخب سینیٹر اپنے صوبہ کے مسائل کے حوالہ سے سینیٹ میں کردار ادا کریں گے۔

ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا نے چیئرمین سینیٹ کو صوبہ میں بدامنی اور صوبہ کے حقوق کے حوالہ سے سیاسی جماعتوں کے تحفظات اور مطالبات سے بھی آگاہ کیا۔گورنر نے ضم شدہ اضلاع کے عمائدین کی جانب سے وہاں کے مسائل و مشکلات سے بھی چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ضم اضلاع کے عمائدین کا ایک جرگہ صدر ، وزیر اعظم ، چیئرمین سینیٹ اور دیگر مقتدر شخصیات سے ملاقات کا خواہشمند ہے۔