گورنر پنجاب سے وی سی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی سربراہی میں وفدکی ملاقات

منگل 22 جولائی 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان سے گورنر ہائوس لاہور میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی۔وفد نے گورنر پنجاب کو فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی حالیہ تعلیمی، تحقیقی اور طبی میدان میں کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی 2024اور 2025کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر بلقیس شبیر نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر رینکنگ سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ڈاکٹر مسیحا ہوتے ہیں اورمختلف امراض میں مبتلا افراد کا علاج معالجہ اور دیکھ بھال کسی عبادت سے کم نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا تدریس، تحقیق اور مریضوں کی خدمت میں کردار قابل تحسین ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ترقی کیلئے تحقیق نہایت اہم ہے اورجامعات تحقیق کا مرکز ہیں۔انہوں نے ایف جے ایم یو میں لیول فور پروگرام کے تحت اسپائن فیلوشپ اور دیگر اقدامات کو سراہا ۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنا بہت ضروری ہیں۔

وی سی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے کہا کہ ایف جے ایم یومیڈیکل ایجوکیشن میں ریسرچ کے ساتھ ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف جے ایم یومیں گائنی کی چار سب اسپیشلٹی پروگرامز کا آغاز ہو چکا ہے۔ وفد میں پرنسپل پروفیسر عبدالحمید اور ڈین انڈر گریجویٹ و ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر بلقیس شبیر اور دیگرشامل تھے۔