گوجرانوالہ،ڈپٹی کمشنر کا گکھڑ کے مختلف مقامات کا دورہ ،ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سروسز کی فراہمی کے معیار کا جائزہ لیا

منگل 22 جولائی 2025 19:30

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گڈ گورننس انیشیٹیوز کے تحت ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بنیادی مرکز صحت گکھڑ، ڈویلپمنٹ سکیموں چندا قلعہ فلائی اوور، ماڈل ریڑھی بازار نگار چوک جی ٹی روڈ، صفائی ستھرائی، تجاوزات کا دورہ کے دوران تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر نے دیہی مرکز صحت گکھڑ کا اچانک دورہ کیا، ڈاکٹر سمیت متعدد سٹاف ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا۔

غیر حاضر سٹاف کیخلاف کاروائی کے لیے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت و لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ صحت کا شعبہ انسانی زندگی سے جڑا، ڈاکٹرز و طبی عملہ ذمہ داری اور فرض شناسی سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے گکھڑ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت آئوٹ سورس سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی فراہمی کے معیار کا جائزہ لیا۔

کنٹریکٹر نمائندہ بھی ہمراہ تھا جنہیں ڈپٹی کمشنر نے موقع پر صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے اقدامات کی ہدایت کی۔ گلیوں، بازاروں اور شہری علاقوں سمیت دیہاتی علاقوں میں سیوریج و صفائی کی یکساں سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف کے ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور جہاں کوڑا دانوں کی تنصیب کی ضرورت ہے وہاں مزید کوڑے دان نصب کیے جائیں۔

انہوں نے کھیالی بائی پاس کا دورہ کرتے ہوئے تجاوزات کا جائزہ لیا اور مین روڈ پر ریڑھی بانوں اور دوکانوں کے باہر لگائے گئے ٹھیلے فوری ہٹانے اوردوکانوں کے اندر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عارضی و تجاوزات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جس سے ٹریفک مسائل پیدا ہوں۔انہوں نے دکانداروں کو تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنی کاروباری سرگرمیاں مقررہ حدود میں رہ کر کریں بصورت دیگر سخت کاروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے جاری تعمیراتی کاموں (چندا قلعہ فلائی اوور، ماڈل ریڑھی بازار) کا بھی دورہ کیا اور فلائی اوور کے تعمیراتی کاموں کی اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ تعمیراتی مٹیریل کے استعمال میں کوالٹی پر قطعا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محکمہ ہائی ویز تمام مراحل اور منصوبے میں استعمال ہونے سامان کی کڑی جانچ پڑتال کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف کے پروگرام سڑکیں بحال پنجاب خوشحال پروگرام کے تحت گوجرانوالہ میں میگا پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔

ان منصوبوں کی تکمیل سے گوجرانوالہ کے شہریوں کو بالخصوص اور دیگر شہروں سے آنے مسافروں کو بھی محفوظ اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ریڑھی بازار کے قیام کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ٹف ٹائل ورک پر تیزی سے کام جاری، ریڑھی بانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کی جانب ضلعی انتظامیہ اور ایک احسن اقدام، شہر میں ٹریفک اور صفائی کا نظام موئثر ہوگا۔