ٹریفک وارڈن پولیس کے موثر اقدامات، مینگورہ میں ٹریفک جام میں نمایاں کمی

منگل 22 جولائی 2025 20:40

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)ٹریفک وارڈن پولیس سوات کی جانب سے ضلع بھر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے موثر اور منظم اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جس کے مثبت اثرات بالخصوص مینگورہ شہر میں نمایاں طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے ٹریفک جام کی شکایات میں واضح کمی کو سراہا ہے۔ڈی ایس پی ٹریفک وارڈن مینگورہ خان نظر نے سوات پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس عوامی سہولت اور نظم و ضبط قائم رکھنے کیلئے دن رات خدمات انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور وارڈن اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ڈی ایس پی خان نظر نے کہا کہ مینگورہ چونکہ گنجان آباد اور مصروف ترین تجارتی مرکز ہے، اس لیے لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے لیے مقررہ اوقات کی پابندی ناگزیر ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر ضروری ٹریفک جام نہ صرف عام لوگوں بلکہ مریضوں اور ایمرجنسی کی صورت میں متاثرین کے لیے بھی بڑی رکاوٹ بنتا ہے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ٹریفک نظم کو برقرار رکھنے میں پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔ ڈی ایس پی ٹریفک نے صحافیوں پر بھی زور دیا کہ وہ عوامی آگاہی کے لیے ٹریفک پولیس کی مہمات کا حصہ بنیں اور عوام کو قوانین سے متعلق آگاہ کریں، تاکہ سوات کو ایک مثالی اور ٹریفک سے پاک ضلع بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :