Live Updates

سوات، قیامت خیز بارشیں، مختلف حادثات میں 6بچے جاں بحق، ایک لاپتہ

منگل 22 جولائی 2025 20:40

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)سوات میں موسلا دھار بارشوں کے دوران مختلف علاقوں میں طغیانی، مکانات کے منہدم ہونے اور دیوار گرنے جیسے دل دہلا دینے والے حادثات میں6معصوم بچے جاں بحق جبکہ ماں بیٹی سمیت 3افرادزخمی ہوئے ہیں ۔پولیس کے مطابق پہلا سانحہ وادی ملم جبہ کے علاقے سورڈھیرے میں اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون اپنے گود کے شیرخوار بیٹے محسن اور دیور کے سات سالہ بیٹے افوان اللہ کے ہمراہ برساتی ندی پار کر رہی تھی۔

اچانک ندی میں طغیانی آ گئی جس کے نتیجے میں خاتون بچوں سمیت پانی کی لپیٹ میں آ گئی۔ خاتون کسی طرح اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گئی، تاہم دونوں بچے پانی میں بہہ گئے۔ کچھ دیر بعد مقامی افراد نے افوان اللہ اور صبح کے وقت محسن کی لاش نکال لی ۔

(جاری ہے)

اسی رات دوسرا اندوہناک واقعہ مدین کے علاقے شنکو میں پیش آیا، جہاں رات تقریبا 8بجے موسلا دھار بارش کے نتیجے میں حمزہ اللہ ولد خیراتی کا کچا مکان زمین بوس ہو گیا۔

ملبے تلے دب کر ایک ہی خاندان کے تین معصوم بہن بھائی 10سالہ مدینہ بی بی، 7سالہ مصطفی اور 3سالہ موسی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ان کی ماں گل اندامہ اور 5سالہ بہن مدیحہ شدید زخمی ہوئیں جنہیں اہل علاقہ اور ریسکیو 1122نے فوری طور پر ملبے سے نکال کرہسپتال منتقل کیا۔تیسرا المناک واقعہ تحصیل خوازہ خیلہ کے پہاڑی علاقے شین لاخار میں پیش آیا، جہاں کچے مکان کی پرانی دیوار اچانک گر گئی۔ اس حادثے میں دو سالہ محمد عمر ولد نوراللہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ چار سالہ عمیرا دختر سمیع اللہ شدید زخمی ہو گئی۔ دونوں بچے اس وقت گھر کے صحن میں کھیل رہے تھے جب دیوار ان پر آ گری۔ زخمی بچی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات