Live Updates

پاکستان میں 80 ہزار سے زائد لوگ دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں ،پی ٹی آئی کے لوگ ایوان میں خوارج کے حق میں احتجاج اور تقریریں کر رہے ہیںِ،نوٹس لیا جانا چاہئے، وفاقی وزیر قانون

پیر 29 ستمبر 2025 22:29

پاکستان میں 80 ہزار سے زائد لوگ دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں ،پی ٹی آئی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں 80 ہزار سے زائد لوگ دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں اور پی ٹی آئی کے لوگ اس ایوان میں کھڑے ہو کر خوارج کے حق میں احتجاج اور تقریریں کر رہے ہیںِ، اس کا نوٹس لیا جانا چاہئے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعت کی جانب سے سابق فاٹا میں آپریشن کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی کی گئی۔

اس پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ قواعد کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، یہ ڈرامہ اور کھیل ہے اور ہم سب یہاں خاموش بیٹھے ہیں، آدھا پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور دوسرے طرف ہم 80 ہزار لوگوں کی دہشت گردی کے خلاف قربانی دے چکے ہیں جبکہ یہ لوگ یہاں خوارج کے ساتھ کھڑے اور ان کیلئے تقریریں کر رہے ہیں اور ہم سب بیٹھ کر دیکھ رہے ہیں، انہیں اپنا یہ ڈرامہ بند کرنا چاہئے اور جا کر عوام کو جواب دیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے رکن آغا رفیع اﷲ نے کہا کہ ان لوگوں نے 2022ء میں افغانستان سے طالبان اور دہشت گردوں کو لا کر آباد کیا اور اب وہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، یہ ان کو سپورٹ کر رہے ہیں، ایسے نام نہاد نمائندوں کا نوٹس لیا جائے، ان کی صوبائی حکومت دہشت گردوں کو فنڈنگ کر رہی ہے، یہ قوم اور شہداء کے ساتھ زیادتی اور مذاق ہے، یہی پی ٹی آئی کا اصل چہر ہ ہے، یہ ایک اور 9 مئی چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کی دنیا میں جو ساکھ بنی ہوئی ہے وہ بدنامی میں تبدیل ہو، ان کے خلاف بھرپور کارروائی ہم پر شہداء کا قرض ہے، ہر پاکستانی پر لازم ہے کہ وہ ان کی مذمت کرے، ہم شہداء کے جنازے اٹھا رہے ہیں اور یہ ان پر نمک پاشی کر رہے ہیں، اس جماعت کو شرم آنی چاہئے، ان کے چہرے بے نقاب کرنا ہوں گے، یہ ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا کیلئے یہاں آتے ہیں۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے بچوں اور افواج پاکستان پر حملہ آور ہونے والوں کیلئے آپ لوگ یہاں کھڑے ہو گئے، کیا آپ ایک اور 9 مئی چاہتے ہیں؟
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات