ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس

منگل 22 جولائی 2025 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) ضلع گوادر میں تعلیمی نظام کی بہتری، غیر فعال سکولوں کی بحالی اور تعلیمی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن عبدالوہاب، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی پرنسپل سبین بلوچ، ایکسیئن بی اینڈ آر (بنگلوز) احتشام الحق، ڈی ڈی او ای گوادر محمد حسن، ڈی ڈی او ای جیوانی عبدالرحیم، اے ڈی او ای نادل علی، منیجر ای ایس پی (یونیسیف) عادل نودیزی، کوآرڈینیٹر آر ٹی ایس ایم ساجد بلوچ، منیجر سی پی ڈی سقر ناصر (این آر ایس پی)، سول سوسائٹی اور مختلف اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع میں غیر فعال سکولوں کو فعال بنانے، حالیہ ایس بی کے بھرتیوں، اساتذہ کی تعیناتی اور تدریسی عمل کی بہتری پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے متعدد غیر فعال سکولوں کو فعال کیا جا چکا ہے جبکہ حالیہ کنٹریکٹ پر بھرتیوں سے مزید سکولوں کو فعال کیا جائے گا۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ پہلے سے غیر فعال سکولوں کی بحالی کو اولین ترجیح دی جائے۔

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی زیر تعمیر عمارت کے حوالے سے ایکسیئن بی اینڈ آر نے بریفنگ دی کہ تعمیراتی کام بڑی حد تک مکمل کر لیا گیا ہے اور دروازے و کھڑکیاں جلد پہنچنے والی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سکول عمارتوں کے ساتھ واش رومز کی عدم تعمیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کے لیے بنیادی سہولیات، خصوصاً واش رومز، نہایت ضروری ہیں اور اس معاملے کو وہ اعلیٰ حکام کے ساتھ بھی اٹھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :