غزہ میں اسرائیل کی توسیعی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ، آبادی کو مستقلاً بے گھر کرنا جنگی اور انسانیت کے خلاف جرم ہو گا، اقوام متحدہ

بدھ 23 جولائی 2025 11:10

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی توسیعی کارروائیوں سے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کا انتہائی خطرہ پیدا ہو گیا ہے، غزہ کی آبادی کو مستقلاً بے گھر کرنا جنگی اور انسانیت کے خلاف جرم ہو گا۔العربیہ کے مطابق یہ بات اقوامِ متحدہ کے شعبہ برائے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی آبادی کو مستقلاً بے گھر کرنا جنگی اور انسانیت کے خلاف جرم ہو گا، اسرائیلی فضائی حملے اور زمینی کارروائیاں شہریوں کی مزید اموات اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی کا باعث بنیں گے۔وولکر ترک نے کہاکہ اس علاقے میں عام شہریوں کے جمع ہو جانے اور اب تک اسرائیل کے جنگی طریقوں کے پیشِ نظر غیر قانونی ہلاکتوں اور بین الاقوامی انسانی قانون کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں کے خطرات انتہائی زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جنوب مغربی دیر البلح پر شدید حملے اور اس کے بعد اسرائیل کے نقلِ مکابی کے تازہ ترین احکامات سے بھوکے فلسطینیوں کی تکلیف میں مزید اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اسرائیل کو یاد دلا دوں کہ اس کے قبضے میں رہنے والے لوگوں کو مستقلاً بے گھر کر دینا غیر قانونی منتقلی کے مترادف ہو گا جو ایک جنگی جرم ہے اور بعض حالات میں انسانیت کے خلاف جرم بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قابض طاقت کے طور پر اسرائیل کو یقینی بنانا ہو گا کہ آبادی کے لئے کھانا، طبی سہولیات اور دیگر سامان فراہم کیا جائے۔انہوں نے اصرار کیا کہ نئے فوجی حملوں کا دور شروع کرنے کے بجائے ہلاکتوں، تباہی اور بین الاقوامی قانون کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کا فوری خاتمہ ہونا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ ممالک ہمیں اس خوفناک خواب سے جگا دینے کے مطالبات میں شامل ہو رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :