حسن نواز نے فخر زمان کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کردیا

وکٹ کیپر بلے باز عمر اکمل 84 میچوں میں 10 مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوکر سرفہرست

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 جولائی 2025 11:32

حسن نواز نے فخر زمان کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جولائی 2025ء ) پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز نے بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں فخر زمان کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کردیا۔ 
شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

 
فہیم اشرف کی 51 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، عباس آفریدی 19 اور احمد دانیال 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 
بنگلادیش کی جانب سے شرف الاسلام نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
حسن نواز کی ٹی 20 انٹرنیشنل میں 0 پر آؤٹ ہونے کی تعداد 6 ہوگئی ہے، فخر زمان بھی ٹی 20 کیریئر میں 6 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

 
ٹی 20 میں دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں شاداب خان، عماد وسیم اور عمر گل 6 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ہیں، بابر اعظم، محمد حفیظ اور کامران اکمل سات، سات صفر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ 
سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی 8 صفر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ وکٹ کیپر بیٹر عمر اکمل 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کھلاڑیوں میں سرفہرست ہیں۔

 
حسن نواز کیلنڈر ایئر میں بھی 5 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ 
رچرڈ نگروا 2024ء میں 6 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ریگیس چکابوا 2022ء میں 5 مرتبہ صٖفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں، 2024ء میں زمبابوے کے مضاربانی بھی 5 مرتبہ صفر پر پویلین لوٹ چکے ہیں، سنجو سیمسن بھی 2024ء میں 5 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔