فیصل آباد،محکمہ جنگلات کی شہریوں کومون سون شجر کاری مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ہدایت

بدھ 23 جولائی 2025 13:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) محکمہ جنگلات نے مون سون کی شجر کاری مہم کے دوران شہریوں کو فضائی و ماحولیاتی آلودگی،دمہ، ٹی بی، پھیپھڑوں کے کینسر سے بچاؤ کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق جنگلات کا رقبہ 25فیصد ہونا ضروری ہے جبکہ قدرت نے پاکستان کو جن وسائل سے مالا مال کیا ہے انہیں حقیقی معنوں میں بروئے کار لا کر زرعی ترقی اور غذائی استحکام کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبادی کی بڑھتی ہوئی شرح اور زراعت کے لئے سمٹتے ہوئے زمینی وسائل نے جس عدم توازن کو فروغ دیا ہے یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ ہر سیکنڈ کے بعد دنیا میں تین نئے بچے پیدا ہو رہے ہیں اور ہر ایک منٹ کے بعد ایک ہیکٹر قطعہ زرعی اراضی رقبے میں سے کم ہو کر شہری آباد ی کے علاوہ صنعتی مقاصد کی نذر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مورنگا کو 21ویں صدی کا معجزاتی پودا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پودے میں قدرت نے تما م قوتیں یکجا کر دی ہیں۔

انہوں نے ابلاغیاتی مہارت سے عام کسان تک جدید ٹیکنالوجی منتقل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ درختوں کی کمی کی وجہ سے ماحولیاتی و فضائی آلودگی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کی زیادتی سے دمہ، ٹی بی، پھیپھڑوں کے سرطان اور نفسیاتی امراض کے مریضوں میں زبر دست اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے بچاؤ کے لئے تمام افراد کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ آکسیجن کی فراوانی کے ساتھ ساتھ انسانیت کی بہتری کے لئے زمینی و فضائی ماحول کو بہتر کرنے میں مدد مل سکے ۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت فضائی و ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ماحول کو صحت مندر کھنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کر رہی ہے جبکہ اس سلسلہ میں عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے تشہیری مہم کا آغازبھی کیا جا رہا ہے۔