یونیورسٹی آف ہری پور کے محمد فیاض مقامی یونیورسٹی سے شعبہ میڈیکل لیب سائنسز،ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کرنے والے پہلے گریجویٹ بن گئے

بدھ 23 جولائی 2025 15:27

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف ہری پور کے ہری پور یونیورسٹی کے شعبہ میڈیکل لیب سائنسز/ ٹیکنالوجی کے محمد فیاض خان پاکستان کے پہلے پی ایچ ڈی گریجویٹ بن گئے جنہوں نے اس شعبہ میں کسی مقامی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی ہے۔ یونیورسٹی آف ہری پور کے ترجمان کے مطابق یونیورسٹی نے پاکستان میں ایک اور نمایاں سنگِ میل عبور کر لیا جب یونیورسٹی کے شعبہ میڈیکل لیبارٹری سائنسز/ٹیکنالوجی کے سکالر محمد فیاض خان نے 22 جولائی 2025ءکو اپنے تحقیقی پی ایچ ڈی مقابلہ کا کامیابی کے ساتھ دفاع مکمل کیا۔

اس طرح وہ ملک میں اس شعبہ کے پہلے لوکل پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر بن گئے جس نے پاکستان کی کسی مقامی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ہری پور یونیورسٹی کو یہ افتخار حاصل ہے کہ وہ پاکستان میں میڈیکل لیب سائنسز/ٹیکنالوجی میں 2012ءسے تعلیمی پروگرامز پیش کر رہا ہے، اس یونیورسٹی نے ملک میں پہلا پی ایچ ڈی پروگرام شروع کیا جو اس شعبہ کے تحقیقی میدان میں ایک اہم پیش رفت کی حیثیت رکھتا ہے۔

محمد فیاض خان کی تحقیق ”خیبر پختونخوا سے حاصل کردہ ادویات کے خلاف مزاحمت رکھنے والے ” مائکو بیکٹیریم تپ دق“کے جینیاتی تجزیہ اور پین جینوم تجزیہ پر مشتمل ہے، ان کے تحقیقی کام کی نگرانی شعبہ کے سینئر فیکلٹی ممبر ڈاکٹر عبدالجبار نے کی۔ اس تحقیق میں انہوں نے ٹی بی (تپ دق) کے ایسے جراثیموں کی جینیاتی ساخت کا تفصیلی مطالعہ کیا جو موجودہ ادویات کے خلاف مزاحمت رکھتے ہیں، ان کا پین جینوم تجزیہ مستقبل میں موثر ادویات کی تیاری کیلئے سنگِ بنیاد فراہم کرتا ہے جو صحت عامہ کیلئے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔

یہ کامیابی نہ صرف سکالر محمد فیاض خان کی علمی محنت اور لگن کا ثبوت ہے بلکہ شعبہ میڈیکل لیبارٹری سائنسز اور مجموعی طور پر ہری پور یونیورسٹی کی تحقیقی اور تدریسی صلاحیتوں کا بین ثبوت بھی ہے، یہ کارنامہ ملک میں صحت عامہ میں جدید سائنسی تحقیق اور ترقی کے حوالہ سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر جامعہ ہری پور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن، رجسٹرار ریاض محمد اور فیکلٹی ڈین ڈاکٹر عزیز ﷲ نے شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر صادق نور، سپروائزر ڈاکٹر عبدالجبار، سکالر فیاض خان اور اس کی فیملی کو اس نمایاں کامیابی پر مبارکباد پیش کی جبکہ وائس چانسلر نے مستقبل میں ترقی کے اس سفر کو مزید کامیابی سے جاری رکھنے کی توقع کا اظہار کیا۔