بلوچستان میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کا قتل کیس، ملزمان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

پولیس نے عدالت سے گرفتار ملزمان کے ریمانڈ کی درخواست کی،اے ٹی سی جج نے دونوں ملزموں کو10روزہ جسمانی ریمانڈ پرایس سی آئی ڈبلیو کے حوالے کردیا، کیس کی سماعت اے ٹی سی ون کے جج محمد مبین نے کی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 23 جولائی 2025 15:05

بلوچستان میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کا قتل کیس، ملزمان کا 10 روزہ ..
کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی 2025)انسداد دہشتگردی عدالت کوئٹہ نے غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کے قتل کیس میں ملزمان کا 10روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا، کیس کی سماعت اے ٹی سی ون کے جج محمد مبین نے کی،گرفتار سردارشیربازساتکزئی اور بشیراحمد کوعدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے عدالت سے گرفتار ملزمان کے ریمانڈکی درخواست کی۔عدالت نے دونوں ملزموں کو10روزہ جسمانی ریمانڈ پرایس سی آئی ڈبلیو کے حوالے کردیا۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سردار شیر باز ستکزئی نے کہا کہ اللہ کو حاضر ناظر جان کرنے کے بعد تحقیقات کرکے بیان دیں تاہم پولیس نے ملزم کو مزید بات کرنے سے روک دیا۔ قبل ازیں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواح میں پسند کی شادی پر جوڑے کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم بشیر احمد سمیت 20 افراد کو گرفتار کرلیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان میں ستکزئی قبیلے کے سربراہ شیرباز ستکزئی، ان کے 4 بھائی اور 2 محافظ بھی شامل تھے۔ واقعے کا مقدمہ ہنہ اوڑک تھانے میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیاگیاتھا۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دعویٰ کیا تھا کہ خاتون اور مرد کے قتل واقعہ میں 11 ملزمان گرفتار کرلئے گئے تھے۔ مزید افراد کی گرفتاری کیلئے آپریشن جاری تھا۔

تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی تھی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئیٹر)پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا تھاکہ اب تک میاں بیوی کے قتل میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔انہوں نے کہا تھاکہ قتل میں ملوث افراد کے خلاف آپریشن مؤثر طریقے سے جاری تھی۔ ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔قتل کی افسوسناک ویڈیو سامنے آنے کے بعد اس گھناؤنے جرم پر پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی تھی جس پر ریاست کی مدعیت میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا تھا اور لڑکی کے قتل میں ملوث ایک مشتبہ قاتل کو گرفتار کیا جا چکا تھا جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری تھی۔ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔