ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی زیر صدارت جشنِ آزادی اور "معرکۂ حق" کے حوالے سے اجلاس

بدھ 23 جولائی 2025 16:31

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی زیر صدارت لطیف ہال مٹیاری میں جشنِ آزادی اور "معرکۂ حق" کے حوالے سے منعقدہ ضلعی سطح کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔بدھ کو منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جشن آزادی صرف ایک دن کی تقریب نہیں بلکہ یہ قومی جذبے، حب الوطنی اور قربانیوں کی یاد کا دن ہے جسے اس سال پہلے سے زیادہ منظم اور شاندار انداز میں منایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ "معرکۂ حق" ہماری محافظ فورسز کی بہادری، قربانیوں اور عزم کی عکاسی کرتا ہے اور اسی مناسبت سے اس سال 14 اگست کو نہ صرف یومِ آزادی منایا جائے گا بلکہ وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی تقریبات کو صرف سرکاری سطح تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ ہر طبقے، ادارے، سکول اور شہری کو ان میں شامل کیا جائے گا تاکہ حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا پیغام عام ہو۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی نئی نسل کو آزادی کی قدر اور اس کے لیے دی گئی قربانیوں سے آگاہ کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یکم اگست سے آگاہی مہم کے تحت مختلف اسکولوں میں تقریری مقابلے، کوئز اور دیگر سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام سرکاری دفاتر اور گاڑیوں پر قومی پرچم لہرایا جائے جبکہ شجرکاری مہم اور صفائی کے خصوصی اقدامات بھی جشنِ آزادی کا حصہ ہوں گے، ساتھ ہی پاکستان کی مختلف ثقافتوں کو اجاگر کر کے قومی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس سال تقریبات میں عوام، اساتذہ، طلبہ، خواتین، بچے، نجی ادارے اور غیر سرکاری تنظیمیں بھی بھرپور شرکت کریں گی۔ انہوں نے این جی اوز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے منصوبے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شیئر کریں اور مکمل تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تقریبات میں کھیلوں کے مقابلے، ثقافتی پروگرامز، ملی نغموں کے مقابلے اور دیگر سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو اقراء جنت، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبدالستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد عبدالشكور سولنگی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف حسین شاہ، مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔