علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’کیریئر فیئر 2025‘‘کا انعقاد، طلباء کی بھرپور شرکت

بدھ 23 جولائی 2025 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اوپن ہاؤس ’’کیرئیر فیئر2025‘‘ کا گذشتہ روز انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کیا۔تقریب میں کمپیوٹر سائنسز کے فائنل ایئر طلبہ نے اپنے جدید اور تخلیقی منصوبوں کی نمائش کی جسے شرکاء اور صنعت سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے بے حد سراہا۔

فیئر میں خصوصی ریسرچ کارنر بھی قائم کیا گیا تھا جہاں طلبہ کی تحقیقاتی کاوشوں کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے طلبہ کے پراجیکٹس دیکھے، ان کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں طلبہ کو عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتی ہیں اور انہیں جدید ٹیکنالوجی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہیں، پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے ،ٹیکنالوجی کے میدان میں بہت سے امکانات ہیں اور طلبہ کے پراجیکٹس کو فائنل کر کے کمرشلائز کیا جائے تو ملک کو بہت بڑابزنس مل سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت بھی فراہم کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ شعبہ کمپیوٹر سائنسز تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور پچھلے چند سالوں میں اس کی انرولمنٹ میں اضافہ ہوا ہے۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد نے کہا کہ ایک ہی چھت تلے انڈسٹری، سپانسر اورپروجیکٹس ہیں اس سے طلبہ کو بہت فائدہ ہو گا اور روزگار کے نئے مواقع دستیاب ہوں گے۔

یہاں کے طلبہ محض گریجویٹس نہ ہوں بلکہ وہ معاشی، سائنسی اور تکنیکی میدان میں بھی کامیابی حاصل کریں۔ شعبہ کمپیوٹر سائنسز کے چیئرمین ڈاکٹر آفتاب خان نے کیریئر فیئر کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 12 فائنل ائیر پراجیکٹس ریسرچ کارنرجبکہ دو انڈسٹریل پارٹنر شریک ہوئے۔ تقریب کے آخر میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں جبکہ مختلف فوڈ سٹالز بھی لگائے گئے۔