پنجاب حکومت کا دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے جدید اسالٹ ڈرونز کی فراہمی کا فیصلہ

ڈی جی خان اور میانوالی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں، سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردوں کیخلاف 2 ہزار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے ہیں،صوبائی وزیرقانون ملک صہیب کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی اینڈ ہارڈنڈ دی سٹیٹ کمیٹی کا اجلاس

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 23 جولائی 2025 16:41

پنجاب حکومت کا دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے جدید اسالٹ ڈرونز کی فراہمی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی 2025)پنجاب حکومت کا دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے جدید اسالٹ ڈرونز کی فراہمی کا فیصلہ،ڈی جی خان اور میانوالی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں،پنجاب کی انسداددہشت گردی اینڈ ہارڈنڈ دی اسٹیٹ کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر ملک صہیب احمد کی زیر صدارت میں ہوا،اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں پنجاب میں ہونے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے 6 جدید اسالٹ ڈرونز کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ ڈی جی خان میں دہشت گردی کا جواب دینے کیلئے اسالٹ ڈرون فراہم کر دیاہے۔اجلاس میں چینی باشندوں کی فوری مدد،رہنمائی کیلئے خصوصی واٹس ایپ نمبر جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملک صہیب احمد نے کہا کہ پنجاب بھر میں جاری پروجیکٹس پر کام کرنیوالی ورک فورس کی ویری فکیشن کا عمل جاری ہے۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں 14جوائنٹ چیک پوسٹس کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردوں کیخلاف 2 ہزار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کارروائیوں کی روک تھام کیلئے مسافربسوں کو سیکیورٹی دی گئی ہے۔پنجاب میں منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے تعلیمی اداروں میں موجود غیر ملکی اور دیگر صوبوں کے طلبا کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 19 ہزار کلوگرام سے زائدمنشیات، 1700کلو گرام ہیروئن اور 1010 کلوگرام آئس پکڑی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب پولیس نے دور دراز علاقوں میں چھپے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایکشن کیلئے بڑے ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیاتھا۔ابتدائی طور پر صوبے بھر کیلئے 25 ڈرونز خریدے جائیں گے جس کیلئے ساڑھے 3کروڑ کے فنڈز مختص کئے گئے تھے۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ڈرونز خریداری کیلئے این او سی کی منظوری کیلئے سمری وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی تھی جس کی منظوری کے بعد ٹینڈر کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈرونز میں کیمروں کے ساتھ مارٹر گولے لے جانے اور پھینکنے کی صلاحیت ہو گی، ایک ڈرون 60 ایم ایم کا مارٹر گولہ لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہو گا۔ ڈرونز کی مارٹر گولے کو لے جانے کی رینج کئی کلو میٹر ہو گی۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ڈرونز کیمروں میں مانیٹرنگ کے ساتھ اٹیک کرنے کی صلاحیت ہو گی۔