آزاد کشمیر میں فاطمی علماء و مشائخ کونسل اہل سنت آزاد کشمیر کا باضابطہ قیام

بدھ 23 جولائی 2025 22:40

چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2025ء)آزاد کشمیر میں فاطمی علماء و مشائخ کونسل اہل سنت آزاد کشمیر کا باضابطہ قیام، نامور سماجی و علمی شخصیت زاہد کاظمی مرکزی ترجمان مقرر، کونسل کے قیام کا مقصد عبادت الٰہی، محبت و اطاعت رسول ﷺ، تحفظ ناموس رسالت، عظمت سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا اور اہلِ بیت اطہار کی ناموس کا تحفظ، جانثار صحابہ کرامؓ کا احترام، اور خدمتِ خلق جیسے مقدس اہداف کو فروغ دینا ہے۔

کونسل کی جانب سے ریاست بھر میں دعوت و تبلیغ کا ایک منظم اور مربوط سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں آزاد کشمیر کے ممتاز علماء کرام، مشائخ عظام اور سادات کرام بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس پلیٹ فارم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بزرگوں نے اسے ایک مثبت دینی فورم قرار دیا ہے جو اتحاد و اتفاق کا ذریعہ بنے گی۔

(جاری ہے)

مظفرآباد میں مشاورتی اجلاس میں کہا گیا کہ سادات کرام پر دعوت و تبلیغ کی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ انہی پاکیزہ نفوس نے اس سرزمین کو دینِ اسلام کی روشنی سے منور کیا۔

ان ہی بزرگوں کے مزارات آج بھی کشمیر و پاکستان کے مختلف علاقوں میں مرکزِ عقیدت بنے ہوئے ہیں۔علماء نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے پر فتن دور میں عوام اہل سنت شدید فکری انتشار اور تقسیم کا شکار ہو چکے ہیں۔ ایسے حالات میں ضروری ہے کہ اسلام کے بنیادی عقائدعظمتِ مصطفی ﷺ، عظمتِ اہلِ بیتؑ اور احترام صحابہ کرامؓ کو اجاگر کیا جائے تاکہ ملت کے اندر اتحاد و یگانگت کی فضا بحال ہو۔

آزاد کشمیر بھر کے علماء و مشائخ نے آیت تطہیر، آیت مودت اور آیت مباہلہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان آیات کی روشنی میں اہل بیت اطہارؑ کے مقام و مرتبے کو اجاگر کرنا اور ان کی تعلیمات کو عام کرنا علماء کی شرعی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ اسی طرح صحابہ کرامؓ سے عقیدت و احترام مسلمانوں کے ایمان کا جزوِ لازم ہے۔مجلس مشاورت کے فیصلے کے مطابق آزاد کشمیر کی معروف مذہبی و سماجی شخصیت زاہد کاظمی کو فاطمی علماء و مشائخ کونسل اہل سنت کا مرکزی ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ زاہد کاظمی گزشتہ تین دہائیوں سے اہل سنت کی متعدد دینی و فلاحی تنظیمات میں کلیدی ذمہ داریاں ادا کرتے آ رہے ہیں اور وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔کونسل کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ یہ پلیٹ فارم اتحاد امت، اصلاح معاشرہ اور اسلام کے حقیقی پیغام کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔