ینگ پارلیمنٹیرینز فورم کے وفد کا دورہ کوئٹہ

بدھ 23 جولائی 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ینگ پارلیمنٹیرینز فورم کی صدر سیدہ نوشین افتخار کی زیر قیادت پارلیمنٹرین کا وفد کوئٹہ پہنچ گیا۔ینگ پارلیمنٹیرینز فورم کے وفد میں اراکین قومی اسمبلی اسامہ راجہ سرور، ڈاکٹر شائستہ جدون، مہک داد، سعداللہ، اخترہ بی بی اور محمد اقبال شامل ہیں ۔کوئٹہ ائیرپورٹ آمد پر وفد کا استقبال ینگ پارلیمنٹرینز فورم کے جنرل سیکریٹری و رکنِ قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی، ایم این اے حاجی میر عثمان بادینی اور پیپلز پارٹی کے رہنما میر فرید خان رئیسانی نے کیا۔

بعدازاں رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کی جانب سے وفد کے اعزاز میں سراوان ہاؤس کوئٹہ میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزرا میر عاصم کرد گیلو، بخت محمد کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑی، پیپلز پارٹی کے رہنما میر فرید رئیسانی اور ایم پی اے زرک خان مندوخیل نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

عشائیے کے دوران بلوچستان کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتحال، امن و ترقی، نوجوانوں کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے قانون سازی میں نوجوان پارلیمنٹرینز کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔تمام شرکاء نے نوجوان قیادت کے فعال کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے نوجوان نمائندوں کو ایوان میں مؤثر اور سرگرم کردار ادا کرنا ہوگا۔