راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے جانے کیلئے شہری ایکسپریس وے استعمال کریں، ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کریں ،چیف ٹریفک آفیسر مری

بدھ 23 جولائی 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) چیف ٹریفک آفیسر مری وسیم اختر نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مری میں دوران ڈرائیونگ بارش میں احتیاط سے گاڑی ڈرائیو کریں، راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے و جانے کے ایکسپریس وے کا استعمال کریں، پوائنٹس پر کھڑے ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کریں ۔

انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ پوائنٹ پر ٹریفک وارڈن آفیسر کو تعینات کر دیا گیا ہے، عوام الناس کی حفاظت کے لیے اور موجودہ موسمی صورتحال کے باعث جی ٹی روڈ ٹول پلازہ پر ڈائیورشن پوائنٹ لگا کر متبادل راستہ ایکسپریس وے استعمال کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اورعوام کی رہنمائی کے لیے ٹریفک آفسران اور ضلعی پولیس ڈائیورشن پوائنٹس پر موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے جانے کیلئے ایکسپریس وے کا استعمال کریں، پوائنٹس پر کھڑے ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کریں ،یہ آپ کے سفر کو آسان اور زندگی کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس مری نے کہا ہے کہ مری بارشوں کے باعث سالگراں کے مقام پر روڈ کا ایک حصہ لینڈ سلائیڈنگ کی نظر ہو گیا ہے، راولپنڈی مری کشمیر روڈ عارضی طور پر تمام ٹریفک کے لیے بند ہے،17میل ٹول پلازہ اور بانسرہ گلی ،جھیکا گلی ،لوئر ٹوپہ پر ٹریفک ڈائیورشن لگا دی گئی ہے اور بارشوں کا سلسلہ اپنے عروج پر ہے جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

عوام الناس سے گزارش ہے کہ خراب موسم کے پیش نظراگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، اوور ٹیکنگ اور تیز رفتاری سے اجتناب کریں۔