رشبھ پنت ریورس سویپ کھیلتے ہوئے انجرڈ، میدان سے باہرچلے گئے

رشبھ پنت اتنی تکلیف میں تھے کہ وہ چل نہیں سکے اور انہیں گاڑی میں بیٹھ کر میدان سے باہر جانا پڑا

جمعرات 24 جولائی 2025 12:39

رشبھ پنت ریورس سویپ کھیلتے ہوئے انجرڈ، میدان سے باہرچلے گئے
مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بھارت کے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت انجری کا شکار ہوکر میدان سے باہر چلے گئے۔مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر بھارت نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنالیے ہیں، رویندرا جڈیجا 19 اور شردل ٹھاکر 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں، رشبھ پنت 37 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔

تاہم بھارتی ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب رشبھ پنت ریورس سوئپ کھیلتے ہوئے گیند پاؤں پر لگنے سے انجری کا شکار ہوکر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

(جاری ہے)

رشبھ پنت اتنی تکلیف میں تھے کہ وہ چل نہیں سکے اور انہیں گاڑی میں بیٹھ کر میدان سے باہر جانا پڑا۔وکٹ کیپر بیٹر کو پہلی اننگز کے 68ویں اوور کے دوران پاؤں میں چوٹ لگی اور ان کی جگہ آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا کو بیٹنگ کے لیے آنا پڑا۔

رشبھ پنت کرس ووکس کی گیند پر ریورس سویپ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے پاؤں کی طرف لگ گئی۔میدان میں طبی امداد کے باوجود رشبھ پنت ٹھیک نہیں ہوئے اور فزیو کی مدد سے میدان سے لنگڑاتے رہے پھر ایک چھوٹی گاڑی میں بیٹھ کر انہیں باہر لے جانا پڑا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قانون کے مطابق رشبھ پنت انجری ٹھیک ہونے کی صورت میں دوبارہ بیٹنگ کے لیے آسکتے ہیں۔