سبی، ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا گیا، بولان میل کی بوگی کو جزوی نقصان

کوئٹہ کی جانب جانے والی ٹریک کی کلئیرنس کا عمل جاری ہے، کلئیرنس کا عمل مکمل ہونے کے بعد بولان میل کوروانہ کیا جائے گا،ریلوے حکام، اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسزکی بھاری تعداد موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 24 جولائی 2025 15:00

سبی، ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا گیا، بولان میل کی بوگی ..
سبی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی 2025)بلوچستان کے علاقے سبی میں ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز موادسے اڑادیا گیا، بولان میل کی بوگی کو جزوی نقصان پہنچا،خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسزکی بھاری تعداد موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے،ریلوے حکام کے مطابق امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیاگیاہے جنہوں نے ٹریک کی بحالی ومرمت کا کام شروع کر دیا ہے۔

سٹیشن ماسٹر کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان میل نشانہ بنی، بولان میل کی بوگی نمبر 7 کو جزوی نقصان پہنچا۔ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ کی جانب جانے والی ٹریک کی کلئیرنس کا عمل جاری ہے۔ کلئیرنس کا عمل مکمل ہونے کے بعد بولان میل کوروانہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے علاقے مچھ میں ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا تھا جبکہ ریلوے اہلکار زخمی ہوگیاتھا۔

بلوچستان پولیس کاکہناتھاکہ مچھ میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا تھا جس سے ریلوے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔پولیس کے مطابق دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیاتھا۔قبل ازیں بھی بلوچستان کے علاقے جیک آباد میں جعفر ایکسپریس کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا تھا کہ مچھ میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا تھا۔

دھماکے سے ریلوے ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔پولیس کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا تھاجب پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس جیل روڈ کے قریب سے گزر رہی تھی۔ اس دوران زوردار دھماکے سے ٹرین کی 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تھیں۔حکام کے مطابق بم دھماکے سے ٹریک کو بھی نقصان پہنچا تاہم افسوس ناک حادثے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیاتھا۔بلوچستان کے دو مختلف علاقوں قلات اور مچھ میں دھماکوں کے واقعات پیش آئے تھے جن میں سیکیورٹی فورسز اور ریلوے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ قلات کے علاقے منگوچر میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب زور دار دھماکہ ہواتھا۔ لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے کا ہدف سیکیورٹی فورسز کی بم ڈسپوزل ٹیم (بی ڈی ٹیم) تھی۔ واقعے میں ایک اہلکار زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تھا۔