چیئرمین سینیٹ کا صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے اہم قدم، سینیٹرزکی تین رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل، باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری

جمعرات 24 جولائی 2025 22:09

چیئرمین سینیٹ کا صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے اہم قدم، سینیٹرزکی تین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء)پارلیمنٹ ہاؤس سے میڈیا کوریج اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سنجیدہ اور مؤثر اقدام اٹھاتے ہوئے تین رکنی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن، دونوں کے سینئر ارکان شامل کیے گئے ہیں تاکہ میڈیا کے ساتھ باہمی اشتراک عمل کو فروغ دیا جا سکے۔

کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی ، تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر علی ظفر، پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمن شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ کمیٹی پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (PRA) کے ساتھ مل کر صحافیوں کو درپیش مسائل، کوریج کی سہولیات، اور میڈیا کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حالیہ دنوں صحافیوں نے پارلیمنٹ میں کوریج کے مسائل اور بعض رکاوٹوں کے خلاف احتجاج کیا تھا، جس پر چیئرمین سینیٹ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے یہ کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کمیٹی میں ایسے اراکین کو شامل کیا جو ماضی میں خود بھی صحافت سے وابستہ رہے ہیں، تاکہ میڈیا کی مشکلات کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے اور ان کا حل نکالا جا سکے۔ یہ اقدام سینیٹ اور میڈیا کے درمیان شفاف، مثبت اور مؤثر رابطے کی نئی بنیاد رکھنے کے عزم کا مظہر ہے، جسے صحافتی حلقے ایک خوش آئند اور عملی قدم قرار دے رہے ہیں۔