پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کا فروغ : غیر ملکی یونیورسٹیوں کے کیمپس اور ’’ویجی لینس سکواڈ‘‘ کی منظوری

جمعرات 24 جولائی 2025 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء) پنجاب میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں برطانیہ، جنوبی کوریا، قازقستان سمیت کئی غیر ملکی یونیورسٹیوں نے پنجاب میں اپنے کیمپس قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس اقدام کو صوبے میں تعلیمی شعبے کی عالمی سطح پر بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔اجلاس میں سرکاری کالجز میں کالج مینجمنٹ کونسلز قائم کرنے اور یونیورسٹیوں میں ’’KPI سسٹم‘‘ (Key Performance Indicators) نافذ کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت وائس چانسلرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں‘’’ایجوکیشن ویجی لینس سکواڈ‘‘کے قیام کی بھی منظوری دی جو تعلیمی اداروں میں اچانک حاضری، صفائی، تدریسی معیار اور دیگر امور کا معائنہ کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ سکواڈ صوبائی وزیر تعلیم کی زیر نگرانی کام کرے گا اور رپورٹس کی بنیاد پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔مزید برآں، پنجاب کی یونیورسٹیوں کی درجہ بندی (گرین، بلیو، ییلو اور گری) کی تجویز پر بھی غور کیا گیا تاکہ معیار کے مطابق اداروں کی ترقی یا اصلاح کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے انڈر پرفارمنگ کالجز اور غیر فعال کامرس کالجز سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے پنجاب سمیت ملک بھر سے 19 ہزار سے زائد طلبہ نے اپلائی کیا ہے، جبکہ ''سی ایم ہونہار اسکالر شپ'' پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ کو’’ہائر ایجوکیشن اسٹریٹجک پلان 2025-2029‘‘ سے آگاہ کیا گیا، جس کے تحت پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں گورننس ریفارمز، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، ادارہ جاتی خودمختاری، گلوبل لنکیجز، اور انسانی وسائل کی ترقی جیسے شعبے ترجیح دیے جائیں گے۔اجلاس میں پنجاب میں پہلی ہائر ایجوکیشن کانفرنس کے انعقاد کی بھی اصولی منظوری دی گئی، جس سے تعلیمی پالیسیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کو تقویت ملے گی۔